امریکہ میں ٹچ سکرین بچوں کی پسند
کوئی مانے یا نہ مانے مگر اب تو ننھے بچے چلنے یا بولنے سے پہلے یعنی صرف 6 ماہ کی عمر سے ہی ٹیبلٹ یا سمارٹ فون استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
واشنگٹن (نیٹ نیوز) یہ حیرت انگیز دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے ۔ تحقیق کے مطابق اب ایک سال سے کم عمر ایک تہائی سے زیادہ بچے سمارٹ فون یا ٹیبلٹ جیسی ڈیوائس کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ایک سال کی عمر کا ہر سات میں سے ایک بچہ کم از کم ایک گھنٹہ ان کھلونوں کو استعمال کرتا ہے ۔ تحقیق کے مطابق 2 سال کی عمر میں یہ شرح دو تہائی تک پہنچ جاتی ہے بلکہ ان میں سے بیشتر موبائل فون کا کافی حد تک درست طریقے سے استعمال بھی کرنے لگتے ہیں اسی طرح ایک سال سے کم عمر 52 فیصد بچے ٹی وی سے بھی دل بہلاتے ہیں 36 فیصد ٹچ سکرین ٹیکنالوجی والی ڈیوائس کو چھو کر اسے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں 24 فیصد تو کسی کو فون بھی ملا دیتے ہیں جبکہ 15 فیصد ایپلی کیشنز استعمال کرکے والدین کو دنگ کردیتے ہیں اور 12 فیصد تو ایسے ہیں جو ویڈیو گیمز بھی کھیل لیتے ہیں۔