بھارت کا ایسا گاؤں جس میں کوئی دروازہ نہیں

 بھارت کا ایسا گاؤں جس میں کوئی دروازہ نہیں

روئے زمین پر ایک ایسا گاؤں بھی ہے جہاں کے مکانات، تعلیمی ادارے ،یہاں تک کہ بینکوں میں بھی کوئی دروازہ موجود نہیں

لاہور(نیٹ نیوز) لیکن پھر بھی یہاں کے باسی چین کی نیند سوتے ہیں۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں واقع ’’شنی شنگناپور ‘‘نامی گاؤں کی تمام عمارتیں ’’بے در‘‘ ہیں ۔ داخلی دروازے نصب کرنے سے گریز کا سبب مقامی ہندو آبادی کا مذہبی عقیدہ ہے جسکے مطابق صدیوں پہلے دیوتا شنی مہاراج گاؤں کے مُکھیا کے خواب میں آئے اور حکم دیا کہ کسی بھی گھر میں دروازہ نہ لگایا جائے کیونکہ میں خود گاؤں کی حفاظت کرونگا ۔ اسکے بعد سے یہ گاؤں ’’بے در ‘‘ ہی چلا آرہا ہے یہاں تک کہ عوامی بیت الخلا بھی دروازے سے محروم ہیں تاہم گاؤں کی خواتین کے مطالبے پر دروازوں پر پردے ڈال دیئے گئے ہیں البتہ رات کے وقت گھر کے داخلی دروازوں پر ایک تختی لگا دی جاتی ہے تاکہ کسی خونخوار جانور کے داخلے کو روکا جا سکے ۔یہاں کوئی کسی سے ملنے کیلئے آتا ہے تو اسکے گھر کے سامنے پہنچ کر نام پکارتا ہے کیونکہ کھٹکھٹانے کیلئے دروازہ ہی موجود نہیں ہوتا یہاں کوئی دکان ایسی نہیں ملے گی جہاں تالے چابی دستیاب ہوں ۔لوگوں کی بڑی تعداد اس منفرد گاؤں کو دیکھنے اور شنی دیوتا کی پوجا کرنے کیلئے آتی ہے ،اب روزانہ یہاں 40ہزار یاتری آتے ہیں۔ پندرہ برس قبل گاؤں کے باشندوں کا انحصار گنے کی کاشت پر ہوتا تھا مگر اب یاتریوں کی صورت میں آنیوالے سیاح ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ بن گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں