برطانوی بلڈر نے تنخواہ نہ ملنے پر تیارکردہ گھروں کو مسمار کردیا
کنسٹرکشن کمپنی میں ملازمت کرنے والے شخص نے اُجرت ادا نہ کرنے پر ریٹائرڈ لوگوں کیلئے تیار کردہ گھر گرا دئیے اور سارے واقعہ کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔
لندن (نیٹ نیوز) کنسٹرکشن کمپنی میں ملازمت کرنے والے شخص نے اُجرت ادا نہ کرنے پر ریٹائرڈ لوگوں کیلئے تیار کردہ گھر گرا دئیے اور سارے واقعہ کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔تفصیلات کے مطابق برطانوی کنسٹرکشن کمپنی کا غیر ملکی ملازم ڈینیئل نیگو تنخواہ نہ ملنے پر برہم ہوگیا اور اپنی ہی کمپنی کے تیار کردہ گھروں کو مسمار کرنا شروع کردیا، برطانوی عدالت نے اس عمل پر اسے قید کی سزا سنا دی۔مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 31 سالہ بلڈر نیگو اپنی پوری کارروائی کے دوران سیٹیاں بجاتا رہا، گانے سنتا رہا اور ویڈیو بھی بناتا رہا۔نیگوگھروں کو تباہ کرتے ہوئے کہتا رہا کہ خوبصورت گھر تم زمین بوس ہورہے ہو پھر دوبارہ بنو گے ، تمہاری تباہی کی وجہ میری اُجرت کی ادائیگی نہ کرنا ہے ۔اس نے ریٹائرڈ لوگوں کیلئے تیار پانچ گھروں کو مسمار کیا جس کی کل مالیت 15 سے 16 کروڑ روپے بنتی ہے ۔ڈینیئل نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ کمپنی نے مجھے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی اس لئے میں نے انہیں سبق سکھانے کیلئے گھروں کو مسمار کردیا۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا،عدالت نے اسے 4 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کاحکم دیدیا۔