غلطی سے ڈیلیٹ ہونے والی تصاویر واپس لانے کا طریقہ
بعض اوقات غلطی سے سمارٹ فون یا ڈیجیٹل کیمرے سے اہم تصویر ڈیلیٹ ہوجاتی ہے
کراچی(نیٹ نیوز) بعض اوقات غلطی سے سمارٹ فون یا ڈیجیٹل کیمرے سے اہم تصویر ڈیلیٹ ہوجاتی ہے ،لیکن یاد رکھیں کہ سمارٹ ڈیوائسز پر ڈیلیٹ ہونے والی تصاویر ہمیشہ کیلئے ختم نہیں ہوتیں بلکہ انہیں ذرا سی محنت کے بعد واپس لایا جا سکتا ہے ۔اگر آپ کے سمارٹ فون سے تصاویر ڈیلیٹ ہوجائیں تو فوری طور پر وائی فائی منقطع کردیں اور اسے سلیپ موڈ پر ڈال دیں،اگر ڈیجیٹل کیمرے میں ایسا ہوا ہے تو اسے بند کرکے کارڈ کو باہر نکال لیں۔ اس سے 2 فائدے ہوتے ہیں،پہلا تو یہ کہ ڈیلیٹ ہونے کا عمل مکمل ہونے سے پہلے تھم جاتا ہے ۔دوسرے یہ کہ اس سے ڈیوائس کو ڈیلیٹ فائلز کے ڈیٹا پر اوور رائٹنگ سے روکا جاسکتا ہے، ڈیلیٹ شدہ تصویر کو واپس لانے کیلئے یہ بہت ضروری عمل ہیں۔اینڈرائیڈ فون پر ڈیلیٹ ہوجانے والی تصاویر کی ریکوری کیلئے ایک بہترین مفت ٹول دستیاب ہے جسے ڈسک ڈگر کہا جاتا ہے ۔اس کا بیسِک فوٹو سکین کافی موثر ثابت ہوتا ہے تاہم تصویر کا ریزولوشن متاثر ہوسکتا ہے ۔آئی او ایس میں ایک فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں ڈیلیٹ ہونیوالی تصاویر 30 دن تک موجود رہتی ہیں، اس مدت کے دوران وہاں سے تصاویر کو واپس فون کا حصہ بنایا جاسکتاہے ۔