سکول بند ہونے سے بچانے کیلئے بھیڑوں کو بھی داخلہ مل گیا
فرانس کے دور افتادہ اور سرد علاقے میں طلبا و طالبات کی کمی کی وجہ سے ایک سکول بند ہونے کے قریب تھا
پیرس(نیٹ نیوز)فرانس کے دور افتادہ اور سرد علاقے میں طلبا و طالبات کی کمی کی وجہ سے ایک سکول بند ہونے کے قریب تھا کہ والدین اور انتظامیہ نے ایک انوکھی تدبیر سوچی جس کے تحت بھیڑ بکریوں کو بھی سکول میں رجسٹر کرکے داخلہ دیدیا گیا۔فرانس میں یہ سکول ایسے علاقے میں واقع ہے جو برف کی پہاڑی سلسلے ایلپس کے پاس موجود ہے اور یہاں آبادی بہت کم ہے ۔یہاں ایک گاؤں کی آبادی 4000 کے لگ بھگ ہے اور پرائمری سکول میں صرف 261 بچے ہیں جن کی تعداد تیزی سے کم ہورہی ہے ۔ یہاں تک کہ طالبعلموں کی کمی کی وجہ سے یہ سکول بند ہونے کے کنارے جاپہنچا تھا۔ اس مسئلے کے حل کیلئے سکول انتظامیہ اور والدین نے مشترکہ طور پر علامتی طور پر ایک درجن سے زائد بھیڑوں کو داخلہ دیدیا تاکہ بچوں کی مناسب تعداد کو دکھایا جاسکے اور سکول بند ہونے سے بچایا جاسکے ۔اس سلسلے میں ایک خاص تقریب منعقد کی گئی جس میں بھیڑوں کو بھی شامل کر ایا گیا اور یوں ان کے نام بھی لکھوائے گئے ۔ اس موقع پر سکول میں داخل ایک بچے کے والد نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی میں بچوں کے بجائے ان کی تعداد زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور اسی بنا پر ہم نے اب بھیڑوں کو شامل کرکے بچوں کی تعداد بڑھادی ہے ۔