گرین لینڈ ایک دن میں 2ارب ٹن برف سے محروم ہو گیا
دنیا کے سرد ترین ممالک میں شامل گرین لینڈ میں ایک دن میں 2 ارب ٹن برف پگھل گئی ،
نُک(نیٹ نیوز)یہ ایک حیرت انگیز بات ہے لیکن حقیقت ہے ،گرین لینڈ میں اس وقت گرم موسم کے باعث ریکارڈ مقدار میں برف پگھل رہی ہے ۔عالمی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک دن میں 2 ارب ٹن برگ پگھل گئی اور یہ اتنی زیادہ ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا مجموعی وزن 80 ہزار امریکی مجسمہ آزادی یا ایک کروڑ 20 لاکھ بلیو وہیلز کے برابر تھا۔گرین لینڈ شمالی امریکہ اور یورپ کے درمیان شمالی اٹلانٹک اوشین میں واقع ملک ہے جہاں پورا سال برف جمی رہتی ہے تاہم آرکٹک کے خطے میں برف پگھلنا ایک قدرتی امر ہے جو ہر سال جون سے اگست تک ہوتا ہے جس کے دوران جولائی میں اس کی رفتار بڑھ جاتی ہے ۔مگر اس بار اس خطے میں برف پگھلنے کی جو شرح نظر آرہی ہے وہ غیرمعمولی ہے اور ماہرین اس کا موازنہ 2012 سے کررہے ہیں جب لگ بھگ گرین لینڈ کی تمام برفانی پٹی پگھل گئی تھی اور کئی مقامات میں تو ایسا ہزاروں برسوں میں پہلی بار ہوا تھامگر اس بار گرین لینڈ میں برف پگھلنے کا عمل 2012 کے مقابلے میں پہلے شروع ہوگیا ہے ۔