کینیڈا میں آنکھ ضائع ہونے پر نوجوان نے آنکھ کے بجائے کیمرہ لگوالیا
کینیڈا کے رہائشی روب سپینس نے اپنی آنکھ ضائع ہونے پر کیمرہ لگالیا جو 30 منٹ کی ویڈیو بناسکتا ہے
مونٹریال (نیٹ نیوز)کینیڈا کے رہائشی روب سپینس نے اپنی آنکھ ضائع ہونے پر کیمرہ لگالیا جو 30 منٹ کی ویڈیو بناسکتا ہے ، آنکھ میں ٹرمینیٹر کی طرح سرخ روشنی کا حلقہ بھی نظر آتا ہے لیکن وہ خود کو ٹرمینیٹر کی بجائے آئی بورگ کہتے ہیں جو سائی بورگ کی طرح کا ایک لفظ ہے ۔تفصیلات کے مطابق 2008 میں رو ب کی دائیں آنکھ پر گولی لگی تھی جس کے بعد اسے نکالنا پڑا تھا، اس کے بعد مصنوعی یا پتھریلی آنکھ لگانے کی بجائے روب نے اپنی آنکھ میں کیمرہ لگانے کی خواہش ظاہر کی جس سے وہ لوگوں کے انٹرویو ریکارڈ کرتے ہیں۔ کیمرے والی آنکھ کو آن کرکے انہیں دیکھنا ہوتا ہے اور پلک جھپکاتے ہی کیمرہ ریکارڈنگ شروع کرتا ہے جسے موبائل فون یا کمپیوٹر میں محفوظ کرنے کیساتھ ساتھ آن لائن نشر بھی کیا جاسکتا ہے ۔ جعلی آنکھ نما کیمرے کیساتھ سرکٹ بورڈ، چارج کے قابل بیٹری اور ایک وائرلیس ٹرانسمیٹر لگایا گیا ہے ۔