16 دسمبر قومی المیہ!

دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے
ہماری تاریخ شاندار اور قابلِ فخر فتوحات سے بھی مالامال ہے اور بدقسمتی سے اس کے اندر انتہائی ذلت ورسوائی کے واقعات بھی درج ہیں۔ ہماری کامیابی اللہ کی مدد، جذبۂ شہادت اور ملّی وحدت ویکجہتی کی مرہونِ منت رہی ہے جبکہ ہماری شکست ایمان کی کمزوری، باہمی اختلاف اور اندرونی منافقین کی خباثتوں کے نتیجے میں وقوع پذیر ہوتی رہی۔ سقوطِ بغدادہو یا سقوطِ غرناطہ، سرنگاپٹم کا سانحہ ہو یا سقوطِ ڈھاکہ کا زخم‘ سبھی میں یہ عوامل شامل رہے ہیں۔ باہر کے دشمن سے ہم نے کبھی مات نہیں کھائی۔ ہمیں مارہائے آستین ہی نے ہمیشہ زک پہنچائی ہے۔ جو لوگ تکبر کا شکار ہوتے ہیں وہ برا وقت آنے پر بزدل ثابت ہوتے ہیں۔ سقوطِ ڈھاکہ کے تناظر میں بریگیڈیئر صدیق سالک مرحوم کی کتاب ''میں نے ڈھاکہ ڈوبتے دیکھا‘‘ ایک چشم کشا دستاویز ہے۔ 16دسمبر آتا ہے تو زخم ہرے ہوجاتے ہیں۔ 
16دسمبر1971ء وہ سیاہ ترین دن تھا جب اپنوں کے غیرذمہ دارانہ رویوں اور غیروں کی عداوت وسازش کے نتیجے میں وطن عزیز دولخت ہوگیا۔ ہنود ویہود نے ہمیشہ پاکستان کو نفرت کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ سقوطِ ڈھاکہ کے روز مشرقی پاکستان کے محب وطن شہریوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ وہ تمام عناصر جو اس وقت بھارتی فوج کی یلغار کے خلاف اپنے وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دے رہے تھے، پھانسیوں کے حق دار قرار پائے ۔ نہ کوئی انصاف ہے، نہ عدالت! یہ سب ایک طویل داستان کا حصہ ہے جسے ہر سال سنا اور سنایا جاتا ہے۔ یہ دن گزر جاتا ہے تو ہمارے لوگ بھول جاتے ہیں، مگر بنگلہ دیش میں بے گناہ لوگ آج بھی ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ ہم فریاد بھی اللہ ہی سے کرتے ہیں اور اپنا دکھڑا بھی اسی ذاتِ کبریا کو سناتے ہیں۔ ظالم بنگلہ دیشی وزیراعظم اور اس کی ٹیم کو اپنے باپ اور بنگوبندھو شیخ مجیب الرحمن کا دردناک انجام یاد رکھنا چاہیے۔ فطرت کی تعزیریں بڑی سخت ہیں۔ اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں ہے۔ اس کی لاٹھی بے آواز ہے۔ 
بنگلہ دیش میں عوامی لیگی حکومت کے تحت نہ قانون کی قدر ہے، نہ اخلاقیات کا کوئی وزن۔ایک اندھیر نگری ہے اور مظلوم داد رسی کے لیے ترس رہے ہیں۔ عوامی لیگ جب بھی برسر اقتدار آتی ہے بھارت، امریکہ اور دیگر اسلام دشمن قوتوں کی باچھیں کھل جاتی ہیں۔ عوامی لیگ بنگلہ دیش کے قیام سے قبل مکتی باہنی کے لبادے میں بھارتی فوج کی ایک بٹالین کے طور پر کام کر رہی تھی۔ سقوط ڈھاکہ کے وقت عوامی لیگ کی قیادت بھارتی ٹینکوں پر سوار ہو کر ایوانِ اقتدار میں داخل ہوئی۔ اس المناک واقعہ کے بارے میں اب تک درجنوں کتب سامنے آچکی ہیں، مگر ڈھاکہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید سجاد حسین کی کتاب ''شکستِ آرزو‘‘ اور سابق فوجی افسر وسفیر بنگلہ دیش لیفٹیننٹ کرنل شریف الحق دالیم کی کتاب ''پاکستان سے بنگلہ دیش، اَن کہی جدوجہد‘‘ میں اتنے حقائق جمع کردیے گئے ہیں کہ تصویر کا صحیح رخ سامنے آجاتا ہے۔ اس کے مطابق یہ پارٹی پاکستان اور اسلام کے مقابلے میں بھارت اور لادینیت دوست ہے۔
بنگلہ دیش بن جانے کے بعد شیخ مجیب الرحمن کو پاکستانی جیل سے رہائی ملی اور وہ نوزائیدہ ملک میں سیاہ و سفید کے مالک بن بیٹھے ۔ سقوطِ ڈھاکہ کے موقع پر بھارتی وزیراعظم، اندرا گاندھی نے ایک جانب یہ زہر آلود اور اسلام دشمن فقرہ کہا کہ نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا گیا ہے تو دوسری جانب اس نے یہ فلسفہ بھی بگھارا کہ اب بنگلہ دیش میں پاکستان کے متعلق نرم گوشہ رکھنے والے غدار کبھی ایوانِ اقتدار کا منہ نہ دیکھ سکیں گے۔ یوں شیخ مجیب الرحمن اور اندرا گاندھی پاکستان دشمنی میںیک جان دو قالب ہوگئے۔ اپنی ایک ملاقات میں انہوں نے لمبے چوڑے منصوبے سوچے مگر مخلوق کے سوچنے سے کیا ہوتا ہے۔ فیصلے تو خالق ہی کے صادر ہو کر رہتے ہیں۔ دونوں پاکستان دشمن رہنما یکے بعد دیگر ایسے دردناک انجام کو پہنچے، جس کا تصور بھی محال تھا۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
شیخ مجیب‘ جس نے تاحیات صدارت حاصل کر لی تھی‘ اپنی ہی فوج کے چند جونیئر افسران کے ہاتھوں 15اگست 1975ء کو اپنی بیوی، تین بیٹوں اور دیگر پندرہ افراد کے ساتھ اپنے گھر، دھان منڈی ڈھاکہ میں موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔ شیخ مجیب کی دو بیٹیاں جو اس وقت جرمنی میں تھیں، بچ گئیں۔ ان میں سے حسینہ واجد دھاندلی کے ذریعے بنگلہ دیش کی وزارت عظمیٰ پر فائز ہوئی اور اب تک اپنے مظالم کے ذریعے خود کو خون کی دیوی ثابت کرچکی ہے۔ اندرا گاندھی کو اس کے اپنے باڈی گارڈز نے 31 اکتوبر 1984ء کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ عوامی لیگ ہمیشہ اسلام دشمن اور پاکستان مخالف پالیسیاں اپناتی ہے۔ آج کل جماعت اسلامی ہی نہیں خود لفظِ اسلام بھی عوامی لیگ حکومت کی کارروائیوں کا ہدف بنا ہوا ہے۔ ملک میں یہ بحث جاری ہے کہ کوئی پارٹی اپنے نام کے ساتھ اسلامی کا سابقہ یا لاحقہ لگا سکتی ہے یا نہیں۔ جماعت اسلامی اپنے نام اور نشان سے انتخاب نہیں لڑ سکتی۔ اسی طرح اسلامی لٹریچر پر ناروا پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ بالخصوص سرکاری اداروں اور لائبریریوں میں مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی کتب کے تراجم کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ 
جن محب وطن شہریوں نے 1971ء میں پاکستان کی حمایت کی تھی‘ انہیں نام نہاد عدالتوں کے ذریعے جنگی مجرم قرار دیا گیا۔ جعلی کورٹس کے ذریعے انہیں سزائے موت سناد ی گئی۔ اس کے نتیجے میں عبدالقادر ملا، قمرالزمان، علی احسن محمد مجاہد، صلاح الدین قادر چودھری، مولانا مطیع الرحمن نظامی اور میرقاسم علی جیسے عظیم فرزندانِ ملت اسلامیہ تختۂ دار پہ لٹکادیے گئے۔ مولانا اے کے ایم یوسف، پروفیسر غلام اعظم اور مولانا اے کے سبحان جیل ہی میں موت سے ہم کنار ہوکر شہادت پا گئے۔ باقی کئی رہنماؤں کو بھی سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ آج بھی ہزاروں مرد اور سینکڑوں خواتین جیلوں میں جھوٹے الزامات کے تحت مقید ومحبوس ہیں۔ 
ہرایک بات زباں پر نہ آسکی باقی
کہیں کہیں سے سنائے ہیں ہم نے افسانے
بنگلہ دیش کے عوام جانتے ہیں کہ ڈھاکہ میں بھارتی سفارت خانہ براہِ راست شیخ حسینہ واجد کو ہدایات دیتا ہے جو سرکاری پالیسی کا حصہ بن جاتی ہیں۔اسلام کی نمائندگی کرنے والی جماعت کی پکڑ دھکڑ اور اسلامی لٹریچر پر پابندی لگوانے کے ''کامیاب تجربے‘‘ کے بعد اب ان عناصر کی یہ بھی کوشش ہے کہ بنگلہ دیش میں خواتین کے برقع پر پابندی لگا دی جائے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ عمومی طور پر بنگلہ دیشی مسلمانوں کے دلوں میں اسلام اور مذہب کے ساتھ محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ ہندو تہذیب کی یلغار اور میڈیا پر فحش پروگراموں کی بھرمار کے باوجود بنگلہ دیشی مسلمانوں کی اکثریت آج بھی اسلام اور دینی شعائر کا بڑا احترام کرتی ہے۔ توہین آمیز خاکوں پر بنگلہ دیشی حکومت نے کہا کہ ہم اس موضوع پر فرانس سے کوئی احتجاج نہیں کریں گے، یہ ان کا داخلی معاملہ ہے، مگر بنگلہ دیش میں لاکھوں لوگ ڈھاکہ کے علاوہ بھی ہر شہر میں سڑکوں پر نکل آئے اور ناموس رسالتﷺ پر جانیں قربان کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
تشویش ناک بات یہ ہے کہ ملک کا پورا انتظامی وعدالتی ڈھانچہ بھارتی سرکار کی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے پر مجبور ہے۔ چند سال قبل کا واقعہ ہے ایک خاتون جو نام کی تو مسلمان ہے مگر کلچر کے لحاظ سے ہندو تہذیب کی نمائندگی کرتی ہے، ایک سکول کی ہیڈ مسٹریس ہے، موصوفہ کا نام شبانہ ارجمند بانو ہے۔ اسے انتہائی قابل اعتراض لباس میں دیکھ کر ایک مسلمان سینئر سرکاری افسر نے شرم دلائی کہ اس کے اس لباس سے سکول کی بچیوں اور استانیوں پر کیا اثر پڑتا ہوگا۔ اس پر موصوفہ نے سینئر افسر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کر دیا۔ عدالت عالیہ نے متعلقہ افسر کو حکم دیا کہ وہ معزز خاتون سے غیر مشروط معافی مانگے۔ ساتھ ہی یہ رولنگ دی کہ عورت کی مرضی ہے چاہے تو برقع پہنے، چاہے نہ پہنے، چاہے تو پورا جسم ڈھانپے اور چاہے تو اس کے خلاف عمل اختیار کرلے، کسی کو اس پر اعتراض کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
بنگلہ دیش کے عوام اس ظلم وستم سے نہ صرف تنگ ہیں بلکہ وہ اس شب وروز کو بدلنے کے لیے پرعزم بھی ہیں۔ ملکی انتخابات جب بھی غیرجانب دار حکومت کے تحت ہوئے، عوامی لیگ کی رعونت زمین بوس ہوجائے گی۔ بے پناہ مظالم کے باوجود حسینہ واجد اندر سے خوف زدہ ہے کہ اگر ملک میں کوئی تبدیلی آگئی تو اس کا کیا بنے گا؟ ظاہر ہے کہ اس کے جرائم اس کی آنکھوں کے سامنے ہیں۔ شہدا کا خون رائیگاں تو نہیں جائے گا۔ قرآن میںایک انسان کو ناحق قتل کرنا پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ مودی سرکار سے تمغے حاصل کرنے والی وزیراعظم کو خالقِ کائنات کے سامنے ایک دن حاضر ہونا ہے۔ 
قریب ہے یارو روزِ محشر چھُپے کا کُشتوں کا خوں کیوں کر
جو چپ رہے گی زبانِ خنجر، لہو پکارے گا آستیں کا

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں