"TSC" (space) message & send to 7575

پرچہ مطالعہ پاکستان 2015ء (لازمی )

وزیر اعظم میاں نوازشریف کی ہدایت کے مطابق پرائمری سے یونیورسٹی تک تعلیمی نصاب میں جمہوری روایات کو فروغ دینے کا ہدف دیاگیاہے۔کہنہ مشق اساتذہ اور ماہرین تعلیم درسی کتب اورنصاب میں جمہوریت کے اسباق اورابواب شامل کرنے کیلئے شبانہ روز محنت شاقہ میں جتے ہوئے ہیں ۔وہ ایسا درسی نصاب تیار کرلیں گے جن میں جمہوریت کو جدید دنیا کے ساتھ ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کیلئے بھی بہترین قراردیاجاسکے گا۔ اپنے تئیں ہم نے بھی کوشش کی ہے کہ انٹر سٹینڈرڈ مطالعہ پاکستان کانمونہ پرچہ تیار کریں جوحکومت کی جمہوری تشریح کو ہی تقویت بخشے‘ حالانکہ یہ سچ ہے کہ اس جمہوریت سے جمہور کی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات سیاچن کے منفی ٹمپر یچر سے بھی بازی لے جاچکے ہیں ۔''نون لیگ ٹیکسٹ بورڈ آف پاکستان ‘‘ سے غیر منظور شدہ پرچے کا عکس حاضر ہے۔
سوال :پاکستان اور چین کی سرحد کے ساتھ کون سا پہاڑی سلسلہ ہے؟
(1)ہمالیہ(2) کوہ قراقرم (3) شملہ پہاڑی (4) کٹی پہاڑی
سوال :امریکہ نے تو جاپان کے شہر ہیروشیما اورناگا ساکی پر ایٹم بم چلائے تھے ۔ہمارا کون سا شہر ہے جہاں ابھی تک بم نہیں پھٹا؟
(1) پشاور (2) کوئٹہ (3)سوات(4) کوٹ رادھا کشن
سوال:دنیا میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے والی کتاب ''ان دی لائن آف فائر‘‘ کس کی آٹوبائیوگرافی ہے؟
(1)اکبر بگتی شہید (2) غازی عبدالرشید شہید (3)محترمہ بے نظیر بھٹو شہید (4) جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 
سوال :ریاست جموں وکشمیر کو انگریزوں نے ڈوگرہ راجہ کے ہاتھوں 75لاکھ روپے میں فروخت کیا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ہائوسنگ اسکیموں میں تو اتنی قلیل رقم کا پانچ مرلہ پلاٹ کا بیعانہ بھی نہیں ہوتا ۔لڑائی جھگڑے کا کوئی فائدہ نہیں‘ کسی رئیل اسٹیٹ ایجنسی کی طرح مسئلہ کشمیر حل کرانے کی کاروباری تجاویز پیش کرو؟ثالث کار کا کردار ادا کرنے پر پچاس فیصد کمیشن حاصل کرو۔
سوال:ورلڈ ٹریڈسنٹر کا دفتر کہاں ہے؟(1)کابل (2) عراق (3)بغداد (4)غزہ کی پٹی 
سوال :کسٹم اور خزانہ کے محکمے کس کے پاس ہوتے ہیں؟(1)وزیر خزانہ کے پاس (2) سمدھی کے پاس (3)اسحاق ڈار کے پاس 
سوال : ٹیلی فون کس نے ایجاد کیاتھا؟(1)مارکونی (2)جارج سٹیفن سن(3)رابرٹ ہوک (4)الطاف بھائی 
سوال :حالیہ دنوں میں سب سے مہنگا برگر کس سلیبرٹی نے کھایا؟(1)اوبامہ (2) بانکی مون (3) برٹنی سپیئر(4) شیخ اسلام 
سوال :موہنجو داڑو ٹیلوں کی کھدائی کس کے دورمیں ہوئی؟ (1)منظور وسان (2)مصطفی کمال (3)الن فقیر (4)شازیہ خشک 
سوال :بڑے مزاح نگار تو مشتاق احمد یوسفی ہیں\\ وزن میں بڑے مزاح نگا ر کا نام بتاو؟(1)رئوف لالہ (2)خالد سلیم موٹا(3) ننھامرحوم (4)عطاالحق قاسمی 
سوال :712ء میں مسلمان وادیٔ سندھ میں کس شخصیت کی قیادت میں داخل ہوئے ؟
(1) محمد بن قاسم (2) مولانا سمیع الحق(3) محمودغزنوی (4) مولانا طاہر اشرفی
سوال: 1789ء میں فرانس میں آنے والا انقلاب اصلی تھا۔ یہ بتائو2013ء میں لائے گئے قادری انقلاب کے پیچھے کونسی طاقتیں کارفرما تھیں ،نیز کھوج لگائو کہ لاہور کے آزادی چوک سے ڈی چوک اسلام آباد جانے کے لئے ویگنیں اور بسیں کہاں سے درآمد کی گئیں؟
سوال :ناچ گانے سے انقلاب نہیں آیا کرتا۔یہ تاریخی ڈائیلاگ کس سے منسوب ہے ؟
(1) کارل مارکس (2)مازوئے تنگ (3) لیاقت بلوچ (4) یویو ہنی سنگھ
سوال:برصغیر میں مغلیہ سلطنت کے زوال کے اسباب بیان کرو؟
(1)مرہٹوں کی بیداری (2)بیرونی حملے (3) بجلی وگیس کی اووربلنگ (4)دھرنے
سوال:بھارت کا پہلا گورنر جنرل کون تھا؟(1) لارڈ ماوئنٹ بیٹن(2) کیجری وال (3)رجنی کانت 
سوال:زمانۂ حال کے سفرنامے اور سفری کالم سپانسرڈ ہوتے ہیں۔ سند باد ،ابن بطوطہ اور کولمبس کے سفری مہربانوں کا کھوج لگائو؟
سوال :بجلی کے اصل موجد کا نام بتاو؟(1)بنجمن فرینک لین (2) میاں منشا (3) مسٹر عابد شیر علی (4) مسٹر خواجہ آصف
سوال : بائونڈری کمیشن کے چیئرمین کا نام بتاو؟(1)ریڈکلف (2) زید حامد (3)ملا فضل اللہ
سوال :برصغیر کے لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کہاں جایاکرتے تھے؟(1)آکسفرڈ(2)کیمرج (3)ہاورڈ(4)مانٹی کارلو
سوال :مغل اعظم کے درباری ڈی جے کا نام بتاو؟(1) ڈی جے تان سین (2) ڈی جے بیجوباورا(3) ڈی جے بٹ 
سوال :کن اہم اور تاریخی عمارات پر شلواریں اور زیر جامے لہرائے گئے؟(1) اہرام مصر (2)تاج محل (3)دیوار چین (4) پارلیمان (پاکستان) 
سوال :کس دریافت یا ایجاد کے بعد بنی نوع انسان کی تقدیر بدل گئی تھی ؟ 
(1)پنسلین(2) جہاز (3)بلب (4)دھرنے
سوال:محمد بن قاسم نے منجنیقوں کی مدد سے راجہ دہر کے قلعے کی اینٹ سے اینٹ بجادی تھی ۔کنٹینر وں میں شگاف ڈالنے والی منجنیقیںایجاد کیوں نہ کی جاسکیں۔نیز بیان کرو یہ آہنی کنٹینر کس کمپنی کے بنے ہوئے ہیں ؟
سوال :تاریخ میں عدل وانصاف کس منصف سے منسوب ہواتھا؟
(1)نوشیرواں عادل (2)حاتم طائی (3)علی بابا(4)سابق جسٹس افتخار محمد چوہدری 
سوال :وہ کونسی عظیم نرتکی ہے جس کے رقص ِآہنگ کو جس رقاصہ نے بھی ہاتھ ڈالا کوے کی طرح اپنی چال بھی بھول گئی ؟
(1)انارکلی (2)ستارہ دیوی (3)ملائکہ اروڑا (4)ہیلن 
سوال :تحریک خلافت عثمانیہ کے بعد تحریک گونواز گو میں آزاد میڈیا نے جو زیر زمین مثبت کردار ادا کیا‘ اس پر نوٹ لکھو اور نوٹ پائو؟ 
سوال : سانحہ جلیانوالہ باغ کا ذمہ دار جنرل ڈائر تھا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کا ذمہ دار کون ہے؟
(1) مشتاق سکھیرا(2) حمزہ شہباز شریف (3)رانا ثنا اللہ (4)یا صرف گلو بٹ 
نوٹ:اگر اس بابت کوئی مشکل پیش آئے تو غیر جانبداری سے کام لیتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاون کی ذمہ داری بھی جنرل ڈائر پر ہی ڈال دو۔ 
سوال:وطن عزیز میں شعائر اسلامی اوراعلیٰ انسانی روایات کی آبیاری کیلئے کردار کس نے ادا کیا؟
(1)بزرگان دین (2)صوفی شعرا ء (3)پورن بھگت (4) اینکر پرسنز
سوال:ممتاز مورخ ہارون الرشید نے وزیر اعظم نوازشریف کے سیاسی مشیر اوروزیرپرویز رشید کو امام دین گجراتی کا دیوان ''بانگ دہل‘‘ قراردیا ہے جبکہ خادم اعلیٰ کے مشیر شعیب بن عزیز کو اقبالؒ کی ''بانگ ِدرا‘‘ قراردیاہے۔ کھوج لگائو کیا مورخ نے واقعی صحیح کہاہے ؟
سوال:ہمارے ہاں آئین ،گاڑیوں کے شیشے اور انسانوں کے دل ٹوٹتے رہے ہیں۔ذمہ داران کا نام الگ الگ کٹیگری میں تحریرکرو؟
(1)فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان (2) وحید مراد (3) جنرل پرویز مشرف (4)اداکار شاہد(5) گلو بٹ
سوال:ایدھی اورچھیپا جیسے قوم کے عظیم سماجی رہنمائوں کے ہاں ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے کیااقدامات کئے جاسکتے ہیں؟
(1)حکومت جزیہ ادا کرے (2) بھتہ ادا کرے (3)ڈاکو فاونڈویشن قائم کیاجائے (4) ریاض ملک اپنی جیب سے ادا کریں
سوال :عظیم فاتح محمود غزنوی نے سومنات کے مندر پر سترہ حملے کئے تھے ۔نجم سیٹھی پی سی بی کے سنگھاسن پر کتنی بار جلوہ گر ہوئے۔نیز یہ کھوج لگائو کہ ICIکا اگلاچیئر مین کون ہوگا؟
سوال :فخرو بھائی اپنی تمام زندگی کی ایمانداری کے باوجود شفاف الیکشن کرانے میں کامیاب نہ ہوئے۔آئندہ منتخب کئے جانیوالا چیئر مین الیکشن کمیشن کیا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرالے گا؟
(1)بس بھئی بس زیادہ بات نہیں چیف صاحب(2) تو لٹ گئے ہم تیری محبت میں(3)چل رہن دے
سوال :ملک وقوم اورجمہوریت کے لئے کونسا طریقہ انتخابات بہتر ہوتاہے؟
(1) پارلیمانی (2) متنا سب نمائندگی (3) پنکچر والے انتخابات (4) ٹیوب لس انتخابات 
سوال :ذیل میں دی گئیں شخصیات پر 10نمبر کا نوٹ لکھو۔خوش خطی کے اضافی 2نمبر ہوں گے
وزیر اعظم میاں نوازشریف ،وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف ، مریم نواز شریف ، حمزہ شہبازشریف ،اسحاق ڈار ، بلال یٰسین، عابد شیر علی ، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال،ماروی میمن، زعیم قادری، شیخ راحیل اصغر، رانا ثنا اللہ ،سرتاج عزیر اور چوہدری نثار علی خان
نوٹ :حکومت کے حق میں لکھنے والے کو دو گھنٹے اضافی وقت دیا جائے گا،ایسا کرنا ہوتو بے شک کل بھی آجانا امتحانی سنٹر کھلا رہے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں