ادرک کی کاشت وسط مارچ سے شروع کر دیں: محکمہ زراعت
بیج کو 15 دن کیلئے ریت میں دبا دیں اورہر دوسرے تیسرے دن پانی چھڑکیں کاشتکار ادرک کی کاشت وسط مارچ سے شروع کر دیں۔ فصل کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اور ہو ا کا گزر اچھا ہو ، کا انتخاب کریں۔
ملتان (اے پی پی) کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کر کے اس میں 40 سے 50 گڈے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالیں اور 3-2 بار ہل چلائیں اور سہاگہ دے کر زمین کو اچھی طرح تیار کر لیں۔ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے ادرک کی فصل میں 150 کلوگرام سپرفاسفیٹ، 150 کلوگرام امونیم سلفیٹ اور فی ایکڑ 100 کلوگرام پوٹاشیم سلفیٹ کا استعمال کریں۔ پوٹاش اور فاسفورس کی تمام مقدار بوائی سے پہلے زمین تیار کرتے وقت ڈالیں جبکہ امونیم سلفیٹ کی آدھی مقدار بوائی کے وقت اور باقی ماندہ آدھی مقدار برسات کا موسم شروع ہونے پر دو یا تین اقساط میں گوڈی کرتے وقت ڈالیں۔محکمہ زراعت ملتان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادرک کو بطور بیج کاشت کرنے کیلئے وہ گنڈیاں لیں جن کا چھلکا اترا ہوا ہو۔ بیج کو 15 دن کیلئے ریت میں دبا دیں اور ریت پرہر دوسرے تیسرے دن پانی چھڑکیں تاکہ ادرک اچھی طرح پھوٹ جائے ، پھوٹی ہوئی ادرک ہی اچھا اگاؤ دے گی۔ ایک ایکڑ رقبہ میں ادرک کی کاشت کیلئے 640 سے 720 کلو گرام بیج استعمال کریں۔