فیفا ورلڈکپ میچز شدید گرمی سے متاثر ہونے کا خدشہ
کم از کم پانچ میچز ملتوی کرنیکی سفارش کی جا سکتی ہے ،ماحولیاتی تحقیقاتی ادارہ
واشنگٹن(سپورٹس ڈیسک)فٹبال کے عالمی کھلاڑیوں کی تنظیم فیف پرو نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے خطرات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ماحولیاتی تحقیقاتی ادارے ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران تقریبا ایک چوتھائی میچز ایسے حالات میں کھیلے جانے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 104 میچز پر مشتمل اس بڑے ٹورنامنٹ میں کم از کم پانچ میچز ایسے موسمی حالات میں ہونے کا خدشہ ہے جہاں میچ ملتوی کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے ۔ماہرین نے اس حوالے سے ویٹ بلب گلوب ٹیمپریچر انڈیکس کی مدد سے اندازہ لگایا ہے جو یہ جانچتا ہے کہ انسانی جسم گرمی میں خود کو کس حد تک ٹھنڈا رکھ سکتا ہے ۔فیف پرو کے میڈیکل ڈائریکٹر ونسنٹ گوٹبارگ نے کہا کہ ڈبلیو بی جی ٹی درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو خصوصی حفاظتی اقدامات ضروری ہو جاتے ہیں جبکہ 28 ڈگری سے اوپر میچ روکنے کی سفارش کی جاتی ہے ۔فیفا نے جواب میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین کے تحفظ کے لیے کولنگ سسٹمز، ہائیڈریشن بریکس اور طبی سہولیات سمیت مختلف منصوبے تیار کیے جا چکے ہیں۔