برطانیہ کا6خلیجی ممالک کیساتھ تجارتی معاہدہ طے
ملکی معیشت کو3ارب70کروڑ پاؤنڈ فائدہ ،ٹیرف ختم ہو جائیگا :برطانوی حکومت برطانوی کمپنیوں کے لئے خلیجی منڈیوں میں کاروبار کرنا آسان ہو جائے گا:حکام
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ نے خلیج کے 6 ممالک کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ طے کیا ہے جس کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے ملکی معیشت کو3ارب70کروڑ پاؤنڈکا فائدہ ہوگا۔ برطانوی حکومت کے مطابق بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کیے گئے اس معاہدے کے مکمل نفاذ کے بعد برطانوی برآمدات پر عائد تقریباً 58 کروڑپاؤنڈ سالانہ ٹیرف ختم ہو جائیں گے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے برطانوی کمپنیوں کیلئے خلیجی منڈیوں میں کاروبار کرنا اور شراکت داری قائم کرنا آسان ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور موجودہ ملازمتوں کو بھی تحفظ ملے گا۔تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں انسانی حقوق اور کارکنوں کے تحفظ سے متعلق تفصیلات کا فقدان ہے ۔
ادھر کنزرویٹو پارٹی جس نے اپنی حکومت کے دوران اس معاہدے پر مذاکرات کا آغاز کیا تھا، کا کہنا ہے کہ یہ بریگزٹ کے بعد ایک اہم موقع ہے ، جسے لیبر پارٹی یورپی یونین کے ساتھ اپنے قریبی مؤقف کی وجہ سے ضائع کر سکتی ہے ۔اس معاہدے کے تحت چیڈر پنیر، مکھن اور چاکلیٹ سمیت بعض برطانوی مصنوعات پر درآمدی محصولات ختم کر دئیے جائیں گے ۔برطانیہ اور خلیجی تعاون کونسل کے درمیان یہ معاہدہ وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر کی حکومت کا تیسرا بڑا تجارتی معاہدہ ہے ، اس سے قبل بھارت اور جنوبی کوریا کے ساتھ بھی معاہدے کیے جا چکے ہیں۔