کوروناکے باوجود آم کی برآمدات میں نمایاں اضافہ
1.25لاکھ ٹن سے زائدآم برآمد، 7.20 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، وحید احمد
کراچی(بزنس رپورٹر) رواں سیزن کورونا سے پیدا ہونے والے گھمبیر مسائل کے باوجود ایک لاکھ 25ہزار ٹن سے زائد آم بر آمد کیا گیاہے جس سے7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ۔ رواں سال کورونا کے پیش نظر ملک سے 80ہزار ٹن آم برآمد کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا، تاہم فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کی جارحانہ حکمت عملی اور حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت بر آمدات ہدف سے 45ہزار ٹن زائد ہے اور آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مزید 25ہزار ٹن آم برآمد ہونے کی توقع ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق آم کی برآمد کیلئے رواں سیزن تاریخ کا سب سے مشکل سیزن تھا لیکن پی ایف وی اے نے کورونا کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز کو امکانات میں بدلنے کیلئے خصوصی حکمت عملی اختیار کی جس میں فضائی راستے بند ہونے اور فریٹ میں بے تحاشہ اضافہ کے پیش نظر زمینی راستوں اور سمندر کے ذریعے آم کی بر آمد پر توجہ دی گئی۔رواں سیزن سب سے زیادہ46ہزار 276ٹن آم افغانستان کو بر آمد کیا گیا،متحدہ عرب امارات، ایران اور عمان بھی بڑی منڈیوں میں شامل رہے جس کو بالترتیب33ہزار ، 17ہزار956 اور 11ہزار 459ٹن آم بر آمد کیا گیا۔