ائر سیال کا دسمبر سے ملکی سطح پر پروازیں شروع کرنیکا اعلان

ائر سیال کا دسمبر سے ملکی سطح پر پروازیں شروع کرنیکا اعلان

یومیہ 16پروازیں چلائینگے ، فضل جیلانی ودیگر کا ائر بس کی شمولت پر خطاب

کراچی(بزنس رپورٹر)کاروباری برادری کی جانب سے قائم کی جانے والی پہلی ائر لائن ائر سیال نے آئندہ ماہ دسمبر سے ڈومیسٹک روٹ پر پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے جبکہ ائر سیال نے پہلا ائر بس A320طیارہ بھی حاصل کرلیا ہے ۔گزشتہ روز ائر سیال کے چیئرمین فضل جیلانی، سینئروائس چیئر مین و صدر سیالکوٹ چیمبر اقبال قیصر، وائس چیئرمین عمر امین،سی ای او امین احسن اور سی او او طارق امین نے ائر سیال کے فلیٹ میں پہلی ائر بسA320کی شمولیت پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ چیئرمین فضل جیلانی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور ملکی زرمبادلہ کو باہر جانے سے روکنا ہے ،فضائی کمپنی کی بنیاد 400شیئرز ہولڈرز نے مل کررکھی ہے ،ہمارے دو اور جہاز دسمبر کے دوسرے ہفتے تک آجائیں گے ،ممکنہ طور پر ڈومیسٹک سیکٹر پر پروازوں کا آغاز دسمبر کے تیسرے ہفتے سے کردیا جائے گا جب کہ کووڈ کے بعد ہم بین الاقوامی سطح پر بھی پروازوں کا آغاز کردیں گے ۔میاں امین احسن کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ڈرائی پورٹ اور ائر پورٹ جیسے عظیم الشان منصوبے مکمل کیے اور انشاﷲ یہ ائر لائن بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگی،عمر امین نے بتایا کہ ائر لائن4ارب روپے کے سرمائے سے شروع کی گئی ہے اور ہم اس وقت فاضل سرمایہ رکھتے ہیں،ائر سیال نے پاکستان میں پہلی بار ایوی ایشن کے شعبے میں ڈیجیٹل انجینئرنگ کا استعمال کیا ہے جب کہ سیفٹی کیلئے تمام تر اعلیٰ عالمی معیارا ت اپنائے جائیں گے ،ہم ابتدائی طور پر کراچی،لاہور،اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور کیلئے یومیہ 16پروازیں چلائیں گے ، طارق امین کا کہنا تھا کہ ائر لائن مستقبل میں اسکردو کیلئے بھی پروازیں شروع کرے گی جبکہ سیاحتی پیکیجز بھی متعارف کرائے جائیں گے ،انہوں نے مزید بتایا کہ مجی کمپنی کے ساتھ شراکت میں کراچی تا گوادر ہفتہ میں تین پروازیں بھی چلائی جائینگی جب کہ مستقبل میں چھوٹے جہازوں کے ساتھ ملک کے دوردراز اور سیاحی مقامات تک فضائی آپریشنز کو وسعت دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں