بینک آف پنجاب: پہلا فری روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات پوری کرے ذیلی پراڈکٹس، آٹو لون ، ہوم لون سروسز بھی جلد ہی صارفین کو مہیا کی جائیں گی
لاہور(نمائندہ دنیا)صارفین کے تحفظ کو مد نظررکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چند ماہ پر محیط انسپیکشن اور جائزے کے بعد دی بینک آف پنجاب کوپہلا فری روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (RDA) متعارف کرانے کی اجازت دے دی جس سے بی او پی ان بینکوں کے ایلیٹ گروپ میں شامل ہوگیا ہے جو بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل اقدامات متعارف کروا رہے ہیں،روشن ڈیجیٹل اکائونٹ ایک انقلابی قدم ہے جس کی قیادت اسٹیٹ بینک آف پاکستان خود کر رہاہے ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار این آر پیزکو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن طریقے سے بینک اکاؤنٹ کھولنے اور استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں پہلے ہی ایک مختصر مدت میں ایک ارب ڈالر سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے ،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز اسٹاک مارکیٹ،رئیل اسٹیٹ اور حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے ’’نیا پاکستان سرٹیفکیٹ‘‘ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور زکوٰۃ ،صدقات وغیرہ کے ذریعے احساس کفالت پروگرام میں اپنا حصہ بھی ڈال سکتے ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ان کے خاندانوں کیلئے جلد ہی اور بہت سی پراڈکٹس بھی متعارف کرائی جائیں گی، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی ضروریات پوری کرے گا ، اکاؤنٹ www.bop.com.pk پر وزٹ کر کے ڈیجیٹل پراسیس کے ذریعے بآسانی کھولاجا سکتا ہے ۔صارفین کو مختلف کرنسیوں روپے ، امریکی ڈالر، یورواور پاؤنڈ میں اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت دی گئی ہے ۔ بینک آف پنجاب وہ پہلا بینک ہے جو اپنے صارفین کوروشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بالکل مفت کھولنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے ،اس سے ان چھوٹے کھاتہ داروں کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی جو کہ اکاؤنٹ کے آپریٹنگ اخراجات کی وجہ سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نہیں کھلوا رہے تھے ،صارفین کو کسی بھی چارجز کے بغیر بہت سی خدمات مہیا کی جائیں گی جیساکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کنونشنل اور اسلامک بینکنگ اکاؤنٹ میں کم از کم بیلنس کی اب ضرورت نہیں ہے ، کسی بھی کوریئر چارجز کے بغیر(برائے این آر وی اے )بالکل مفت ڈیبٹ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پی او ایس اور اے ٹی ایم کو بین الاقوامی طور پر کہیں بھی استعمال کرنے پرکوئی اضافی اخراجات نہیں لئے جائیں گے ،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ صارفین کے خاندان کے باقی افراد کیلئے سپلیمنٹری ڈیبٹ کارڈ مفت فراہم کئے جائیں گے ، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے صارفین متعدد دوسر ی سرمایہ کاری کی خدمات سے بھی بہرہ مند ہو سکیں گے جیسا کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ، اسٹاک مارکیٹ تک رسائی، پراپرٹی میں سرمایہ کاری اور ٹرم ڈپازٹ بینکنگ وغیرہ، بینک آف پنجاب آٹو لون کی سہولت بھی آسان اقساط میں واپسی کے ساتھ فراہم کی جائے گی،بینک نے سروس ایکسی لینس یونٹ ترتیب دیا ہے جو کہ صارفین کو ہفتے کے ساتوں دن24گھنٹے درکار ہر مدد فراہم کرے گا۔صارفین کو پیش کی جانے والی تمام پراڈکٹس کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی اور کسی بھی قسم کے مسئلے کے بارے میں جو انھیں درپیش ہو ، مدد دی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ بینک ذیلی پراڈکٹس جیسا کہ آٹو لون اور ہوم لون کی خدمات بھی جلد ہی صارفین کو مہیا کرے گا۔