پی ایس او:حکومتی ونجی کمپنیوں کے بقایاجات4کھرب سے زائد

پی ایس او:حکومتی ونجی کمپنیوں کے بقایاجات4کھرب سے زائد

1.94کھرب پاورکمپنیوں،1.65 کھرب ایس این جی پی ایل کے ذمے بقایا ، پی آئی اے سے 22ارب لینے ہیں،ریفائنریوں کو32ارب ادائیگی بھی باقی

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)حکومتی آئل مارکیٹنگ کمپنی پی ایس او کے دیگر حکومتی اور نجی پاور کمپنیوں کے ذمے بقایاجات ایک بار پھر 4 کھرب سے زائد ہوگئے ، ان میں سے ایک کھرب 94 ارب روپے پاور کمپنیوں جبکہ باقی رقم دیگر حکومتی اور نجی کمپنیوں کے ذمہ واجب الادا ہے ۔ پاور کمپنیوں کو فرنس آئل کی فراہمی کی مد میں ایک کھرب 94 ارب روپے کے بقایاجات میں حکومتی پاور جنریشن کمپنیوں کے ذمے ایک کھرب 40 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ نجی کمپنیوں میں سے حبکو نے 45 ارب اور گیپکو نے 9 ارب روپے دینے ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پی ایس او نے حکومتی گیس کمپنی ایس این جی پی ایل سے درآمدی آر ایل این جی کی فراہمی کی مد میں ایک کھرب 65 ارب روپے لینے ہیں جوکہ گزشتہ 3 سال سے واجب الادا ہیں۔ اسی طرح پی آئی اے کے ذمے بھی 22 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ پی ایس او نے وفاقی حکومت سے بھی پی ڈی سی کی مد میں 10 ارب روپے لینے ہیں۔ اس کے علاوہ دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ پی ایس او نے مقامی و بین الاقوامی ریفائنریوں اور سپلائرز کو 32 ارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں جن میں سے 17 ارب روپے پارکو، 5 ارب روپے پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، 4 ارب روپے نیشنل ریفائنری لمیٹڈ، 4 ارب روپے اٹک ریفائنری لمیٹڈ اور ایک، ایک ارب روپے بالترتیب بائیکو اور اینار کو شامل ہیں، اسی طرح پی ایس او نے کویت پٹرولیم کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی ادائیگیاں کرنی ہیں جبکہ پی ایس او نے پٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی کی کھولی گئی ایل سی کی مد میں ایک کھرب 29 ارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں