آل کراچی ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کا قیام
کراچی (بزنس رپورٹر)پولیس، کے ایم سی، ڈی ایم سیز و دیگر اداروں کی جانب سے ہوٹل اور ریسٹورنٹ والوں کو بلاجواز ہراساں کرنے کے خلاف آل کراچی ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آگیا ۔
اس سلسلے میں ایسوسی ایشن نے پولیس و دیگر اداروں سے تحفظ کیلئے اے آئی جی کراچی ، سینئرڈائریکٹر انسداد تجاوزات، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے متعلقہ حکام سے رابطے کرلیے اور مسائل کے حل کیلئے تحریری شکایات و تجاویزات پیش کی۔ایسوسی ایشن کے صدر عبداللطیف خان نے کہا کہ پولیس، انسداد تجاوزات و دیگر اداروں کی جانب سے ناجائز تنگ کیا جاتا ہے ، دفعہ 341 اور 144 کے تحت ایف آئی آر کاٹ کر ہمیشہ کیلئے مسائل پیدا کردیے جاتے ہیں جس کے خاتمے کیلئے متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کیا ہے ، دو ایمبولنس ویلفیئر کیلئے مختص کی گئی ہیں، جلد فری میڈیکل سہولتیں فراہم کریں گے ،5ہزار سے زائد ممبرز ہیں، حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد تیز کی جائے گی۔