آنیوالی حکومت کو معاشی بہتری کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ،عثمان اشرف

 آنیوالی حکومت کو معاشی بہتری کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ،عثمان اشرف

لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ انتخابات میں کسی جماعت کو حکومت بنانے کیلئے واضح اکثریت نہ ملنے کے بعد پاکستان ‘‘ میں نہ مانوں ’’ کی رٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔۔

 بلکہ آئی ایم ایف سے دوبارہ رجوع کرنے اور معیشت کو درپیش گھمبیر چیلنجز کے پیش نظر ملک کے وسیع تر مفاد میں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا جائے ،آنے والی حکومت کو معیشت کی بہتری خصوصاً برآمدات کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ہوں گے ،اس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرپرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان سمیت دیگربھی موجود تھے ۔ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثما ن اشرف نے کہا کہ معیشت کی ابتری کی وجہ سے پاکستان کے عوام اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہیں ، انتخابات ہو چکے ہیں اس لئے اب سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے وسیع تر مفادمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ جو بھی حکومت بنے اسے ہر صورت آئی ایم ایف کے پروگرام میں جانا پڑے گا اس لئے بغیر ہچکچاہٹ کے اس کی تیاری کا آغاز کرنا چاہیے ،تاکہ پہلے سے ابتری کا شکار معیشت مزید ہچکولے کھانے سے محفوظ رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں