ظفر مسعود پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین منتخب
کراچی (بزنس ڈیسک) پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پنجاب بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو ظفرمسعود کو ایسوسی ایشن کا نیا چیئرمین منتخب کرلیا۔
واضح رہے کہ پی بی اے کے چیئرمین محمد اورنگزیب کے وفاقی وزیر خزانہ منتخب ہونے کی وجہ سے ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین ظفر مسعود کو نیا چیئرمین منتخب کیا ہے جبکہ محمد یوسف حسین کو سینئر نائب چیئرمین اور اسی طرح ایگزیکٹو کمیٹیزکے رکن اور سٹی بینک این اے پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سٹی کنٹری آفیسر احمد خان بوزئی کو بطور نائب چیئرمین منتخب کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے ممبران کو اس بات پر یقین ہے کہ نئی قیادت موثر طریقے سے بینکاری شعبے کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول اسٹیٹ بینک سے قریبی رابطہ اور تعلق برقرار رکھیں گے ۔ پی بی اے کی نئی قیادت کی وجہ سے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فریم ورک ، بینکاری قوانین پر عملدرآمد کا اعلی ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مالیاتی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار جاری رہے گا۔ پی بی اے نے محمد اورنگزیب کی بطور چیئرمین خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے چیئرمین ظفر مسعود اور ایگزیکٹو کمیٹی پی بی اے کو اہم سنگ میل حاصل کرنے مین معاونت جاری رکھے گی۔