پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد کمی ریکارڈ
اسلام آباد(اے پی پی)رواں مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
او سی ایسی اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق جولائی 2023سے لے کر مارچ 2024 کے اختتام تک ملک میں 11.34 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو 11 فیصد کم ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.80 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی ۔ مارچ میں 1.15 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو فروری کے مقابلے میں 3 فیصد اور گزشتہ سال مار چ کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے ۔ فروری میں ملک میں 1.12 ملین ٹن اور گزشتہ سال مارچ میں 1.11 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ پہلے 9 ما ہ میں پٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل5 فیصد اور فرنس آئل کی فروخت میں 53 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔