قطری امیر ، ایرانی صدر کی ملاقات، آبنائے ہرمزصورتحال پر گفتگو

قطری امیر ، ایرانی صدر کی ملاقات، آبنائے ہرمزصورتحال پر گفتگو

ایران کی ناکہ بندی سے عالمی منڈیوں کا استحکام خطرے میں :مسعود پزشکیان ایرانی سپریم لیڈر کی سکیورٹی چیف سے ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا،آگ بھڑک اٹھی

دوحہ،ماسکو،تہران(اے ایف پی)قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ماسکو میں ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی جنگ اور آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ قطری امیر کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیاسی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ ملاقات گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ادھر قطری وزارت خارجہ کے عہدیدار ابراہیم الہاشمی نے کہا کہ خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے نئے سکیورٹی نظام کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ علاقائی ممالک کو دھمکیاں دینا بند کرے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولے ۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی یکطرفہ پابندیوں اور ایران کی فضائی و بحری ناکہ بندی سے عالمی توانائی کا تحفظ خطرے میں پڑ رہا ہے ،خلیج فارس کے خطے میں امریکی فوجی مداخلت صرف علاقائی فریقوں کو متاثر نہیں کرتی بلکہ توانائی کی قیمتوں کے تعین، رسد اور نقل و حمل کے عمل میں بھی نئے مسائل پیدا کرتی ہے ، جس سے عالمی معاشی ترقی خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سکیورٹی چیف محسن رضائی سے ملاقات میں علاقائی سلامتی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاہے ۔ سپریم لیڈر کے دفتر کے مطابق ملاقات میں ہمسایہ ممالک سے تعلقات مضبوط بنانے اور آبنائے ہرمز کے انتظام کے ذریعے قومی و علاقائی سلامتی کے تحفظ پر گفتگو ہوئی۔ بیان کے مطابق انہوں نے جنگ کے خاتمے اور خطے میں غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کیلئے ایرانی مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔ ملاقات کی تاریخ اور مقام ظاہر نہیں کیا گیا۔ ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل کو آبنائے ہرمز سے غیرمجاز راستے کے ذریعے گزرنے کی کوشش کے دوران ایک تیل بردار جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...