اسٹاک ایکسچینج:73ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد مندی

اسٹاک ایکسچینج:73ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد مندی

کراچی(آن لائن)پاکستان اسٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ میں پہلی بار73ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد مندی کا شکار ہو گئی اور انڈیکس 72ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے گر گیا جبکہ 100انڈیکس میں 1ہزار پوائنٹس سے زاید کی کمی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 71600 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا ۔

 سرمایہ کاروں کو 1 کھرب 45 ارب روپے سے زاید کا خسارہ برداشت کرنا پڑاجس سے سرمائے کا مجموعی حجم 100 کھرب روپے سے گر کر 98 کھرب روپے رہ گیا جبکہ 60فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو اگرچہ کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس73300پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر گیا تھا جو ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح بتائی جاتی ہے ،تاہم پرافٹ ٹیکنگ کا عنصر غالب آنے سے مارکیٹ تنزلی سے دوچار ہو کر 71600پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوئی ۔اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1047.71 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 72742.75 پوائنٹس سے گھٹ کر 71695.03 پوائنٹس پر آگیا، اسی طرح 491.86 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 24033.87 پوائنٹس سے کم ہو کر 23542.01 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 47489.46 پوائنٹس سے کم ہوکر 46910.55 پوائنٹس پر آگیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں