سری لنکا پاکستانی چاول برآمد کنندگان کے مسائل حل کریگا

سری لنکا پاکستانی چاول برآمد کنندگان کے مسائل حل کریگا

کراچی(آن لائن)کراچی میں تعینات سری لنکا کے قونصل جنرل Jagath Abeywarna نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا باہمی طور پر مسائل کی نشاندہی کرکے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔۔۔

 پاکستانی چاول کے برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سری لنکن حکومت کے حکام کواعتماد میں لیں گے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستا ن کے چیئرمین چیلا رام کیولانی اور سابق چیئرمین ریپ عبدالرحیم جانوکی دعوت پر ریپ ہاؤس کے دورے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر ممبران منیجنگ کمیٹی سلمان پراچہ، ڈاکٹر محمد حفیظ، مزمل رؤف چیپل،آصف شیخ، سابق چیئرمین ریپ رفیق سلیمان، سابق ممبر منیجنگ کمیٹی عبد الرشید جان محمد، کاظم کھانڈوالا، جاوید جیلانی، شیراز احمد شیخ، مہیش راجا منگلانی، فیصل مسعود چوہدری، فیصل انیس و دیگر چاول برآمدکنندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیلا رام کیولانی نے کہا کہ پاکستان چاول خریدنے والے تمام ممالک کے ساتھ انتہائی دوستانہ اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات رکھتا ہے ، پاکستان ہمیشہ سے چاول کا قابل بھروسہ سپلائر رہا ہے اور اس نے غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے، بھارت کبھی کبھار اپنی چاول کی برآمدات پر پابندیاں لگاتا ہے، لیکن پاکستان نے اپنے تجارتی شراکت دار ممالک کو چاول کی برآمدات کبھی نہیں روکیں، سری لنکا اور پاکستان باہمی احترام اور تعاون پر مبنی دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مالی سال 2023-24کے دوران پاکستانی چاول کی برآمدت 4 بلین ڈالر کا تاریخی ہدف حاصل کرلیں گی۔عبدالرحیم جانو نے کہا کہ ہم اس سال ریپ کی سلور جوبلی منا رہے ہیں۔ انہوں نے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے قونصل جنرل سے درخواست کی کہ سری لنکن وزارت تجارت سے رابطہ کر کے سال 2024 کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت کوٹہ کا اعلان کیا جائے ۔چیلا رام کیولانی اور عبدالرحیم جانو نے قونصل جنرل کویادگاری شیلڈ اور سووینئر پیش کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں