اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،88ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،88ارب خسارہ

کراچی (آن لائن)اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا آغاز مندی کے ساتھ ہوا ، 100 انڈیکس 578پوائنٹس کی کمی سے 78232.10 پوائنٹس پر بند ہوا ۔۔

اس دوران سرمایہ کاروں کو 88ارب روپے کا خسارہ ہوا جبکہ 58 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اگرچہ پیر کو کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی۔ مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز نے ٹیلی کام، توانائی، بینکنگ اور فوڈز سیکٹر میں دلچسپی لیتے ہوئے بھر پور سرمایہ کاری کی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر گئی اور انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار نہ صرف 79ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا بلکہ79300پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوگئی۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 30 انڈیکس 169پوائنٹس کی کمی سے 25304 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 49817 پوائنٹس سے کم ہو کر 49395 پوائنٹس پر آگیا ۔ سرمایہ  103 کھرب 21ارب رہ گیا۔ پیر کو 15ارب روپے مالیت کے 38 کروڑ 51 لاکھ 76 ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 432کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 122کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 254 میں کمی اور56میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے پرویز احمد کمپنی 4کروڑ68لاکھ  اورورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ7 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں