اسٹاک ایکسچینج میں مندی، کاروبار کا منفی رجحان رہا

 اسٹاک ایکسچینج میں مندی، کاروبار کا منفی رجحان رہا

کراچی(بزنس ڈیسک،دنیا نیوز)بلوچستان میں دہشت گردی، لسٹڈ کمپنیوں کے ملے جلے مالیاتی نتائج اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے ۔

مندی کے سبب 56فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 34ارب 47لاکھ 65ہزار 320روپے ڈوب گئے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں مثبت توقعات پر کاروبار کا آغاز اگرچہ تیزی سے ہوا ، آغاز پر 199 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، تاہم کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 230.37پوائنٹس کی کمی سے 78571.06  پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔کے ایس ای 30انڈیکس 67.22پوائنٹس کی کمی سے 24927.63 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 162.87پوائنٹس کی کمی سے 50598.47 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 343.21 پوائنٹس کی کمی سے 124555.19 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 25فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 51 کروڑ 23 لاکھ 37 ہزار 206 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 433 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 150 کے بھاؤ میں اضافہ، 242 کے داموں میں کمی اور 41 کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک ایکسچینج میں کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس صرف 8 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 78 ہزار 801 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں