کراچی کے تاجر غیر روایتی برآمدی اشیاء پر توجہ دیں،عبداللہ ذکی

 کراچی کے تاجر غیر روایتی برآمدی اشیاء پر توجہ دیں،عبداللہ ذکی

کراچی(بزنس رپورٹر)جمہوریہ ملاوی کے اعزازی قونصل جنرل عبداللہ ذکی نے کراچی کی تاجر برادری کو مشورہ دیا ہے ۔۔

کہ وہ بڑے پیمانے پر مانگی جانے والی غیر روایتی اشیاء پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملاوی کو اپنی برآمدات کو متنوع بنائیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ معمولی تجارتی حجم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور تجارتی توازن پاکستان کے لیے سازگار ہوگا۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عبداللہ ذکی نے کہا کہ ملاوی کی مارکیٹ زیادہ تر بنگلہ دیش اور بھارت نے اپنے قبضے میں لے رکھی ہے جو ہر قسم کی روایتی اور غیر روایتی اشیاء فراہم کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات فیبرکس، کیمیکلز اور فارماسیوٹیکل وغیرہ تک محدود ہیں لہذا غیر روایتی اشیاء کی برآمد کے امکانات پر بھی غور کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ، نائب صدر کے سی سی آئی تنویر احمد باری، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائزن سب کمیٹی فاروق افضل، سابق صدور کے سی سی آئی افتخار احمد وہرہ، مفسر عطا ملک، شمیم احمد فرپو، آغا شہاب احمد خان اور محمد ادریس کے علاوہ کے سی سی آئی کی مینیجنگ کمیٹی کے ارکان اورتاجر برادری کے سرکردہ افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اعزازی ملاویئن قونصل جنرل نے مزید کہا کہ اگرچہ تجارت کا توازن اس وقت ملاوی کے حق میں ہے اور مجموعی تجارتی حجم صرف 8.9 ملین امریکی ڈالر تک محدود ہے لیکن موجودہ تجارتی حجم کو اجتماعی کوششوں اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مزید بات چیت کے ذریعے کافی حد تک بہتر کیا جا سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں