تاجروں کو بھی بلوں میں ریلیف دیا جائے ،اشرف بھٹی

تاجروں کو بھی بلوں میں ریلیف دیا جائے ،اشرف بھٹی

لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی رہنمائی کرنا خوش آئند ہے۔۔

آئی پی پیز کومعاہدوں پر نظر ثانی کیلئے آمادہ کر کے بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ،تاجر تنظیموں کے تاجر دوست اسکیم اور ٹیکسز کے حوالے سے تحفظات کو سن کر انہیں دور کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ظہیر بابر،محبوب علی سرکی،میاں طارق فیروز،شیخ اختر،رفعت سنی ،مرزا اطہر بیگ،چوہدری نوید، نعیم بادشاہ ،ملک ناظم ،شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں تاجر دوست اسکیم اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری برادری مشکلات سے دوچار ہے اس لئے حکومت کو تاجروں کے مسائل کا ادراک کرنا چاہیے ،تاجروں کو بھی بلوں میں ریلیف دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تاجر تنظیم ہڑتال کے حق میں نہیں ہوتی ،تاجر اس سے آگاہ ہیں کہ ہڑتال سے نہ صرف ان کا نقصان ہوتا ہے بلکہ معیشت کو بھی دھچکا لگتا ہے ، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت تاجر دوست اسکیم سمیت دیگر معاملات میں مشاورت کے عمل کو مثبت انداز میں آگے بڑھائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں