فیفا عرب کپ ،اردن کو ہرا کر مراکش چیمپئن بن گیا
فائنل میں 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا
دوحہ (سپورٹس ڈیسک)مراکش نے ایک سنسنی خیز فائنل میں اردن کو اضافی وقت میں شکست دے کر فیفا عرب کپ 2025 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ قطر میں کھیلے گئے اس تاریخی میچ نے مراکش کی فٹ بال تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کر دیا جہاں انہوں نے 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے عالمی سطح پر نام کمایا تھا۔ فائنل لوسیل سٹیڈیم میں منعقد ہوا ۔ مراکش نے فائنل میں اردن کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
میچ کے چوتھے ہی منٹ میں مراکش کے اسامہ تنان نے اپنے ہاف سے ایک ناقابل یقین لانگ رینج گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر علی علوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل دو گول داغے اور کھیل ختم ہونے سے چند منٹ قبل اردن کو برتری دلا دی۔جب اردن کی جیت یقینی نظر آ رہی تھی تب مراکش کے سٹار سٹرائیکر عبدالرزاق حمد اﷲ نے آخری لمحات میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا اور میچ کو اضافی وقت میں لے گئے ۔حمد اﷲ نے 100 ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور میچ کا فیصلہ کن گول کر کے مراکش کو فتح دلوا دی۔