آئی ایم ایف پروگرام کی سخت شرائط، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

 آئی ایم ایف پروگرام کی سخت شرائط، اسٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی(بزنس ڈیسک)آئی ایم ایف قرض پروگرام کی سخت شرائط سے مشروط ہونے ،غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا رحجان برقرار رہنے ۔۔

اور سرمایہ کاری کے دیگر شعبوں کے محتاط طرز عمل اختیار کیے جانے سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔ مندی کی وجہ سے انڈیکس کی 81ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح گرکر دوبارہ بحال ہوگئی۔ مندی کے سبب 55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 34ارب 22کروڑ 48لاکھ 04ہزار 260روپے ڈوب گئے ۔کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا لیکن آئل اینڈ گیس سیکٹر میں خریداری سرگرمیوں سے کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 30پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی جو فروخت کی شدت بڑھنے سے زائد ہوگئی اور ایک موقع پرپاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 940پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی ،تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 177.93پوائنٹس کی کمی سے 81114.20 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 34.39 پوائنٹس کی کمی سے 25775.98پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 163.79پوائنٹس کی کمی سے 51814.23پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 543.59پوائنٹس کی کمی سے 124751.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 12.17فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 29کروڑ 79لاکھ 94ہزار 181 حصص کے سودے ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں