اسٹیٹ بینک:ریٹیل پورٹ فولیو کی حد بڑھا کر 30 کروڑ روپے کر دی گئی
کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹیٹ بینک نے ریگولیٹری ریٹیل پورٹ فولیو کی حد 180 ملین سے بڑھا کر 300 ملین روپے کردی ہے۔
مرکزی بینک کے نوٹس میں کہا گیا کہ بیسل فریم ورک کے تحت مقرر کردہ ریگولیٹری ریٹیل پورٹ فولیو کی حد 180 ملین کو فوری طور پر بڑھا کر 300 ملین روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موضوع پر دیگر تمام ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔ مزید برآں اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ای فنانسنگ کو مزید فروغ دینے کیلئے چھوٹے کاروباری اداروں (ایس ای) اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ای)کیلئے پروڈینشل ریگولیشنز میں بھی ترمیم کی ہے۔ ترامیم کے مطابق چھوٹے کاروباری ادارے ایک بینک/ ڈی ایف آئی یا تمام بینکوں اور ڈی ایف آئیز سے 100 ملین روپے تک کا قرض حاصل کرسکتے ہیں۔