بیرون ممالک پاکستانی چاول کی مانگ میں مزید اضافہ
اسلام آباد (آن لائن) بیرون ممالک پاکستان کے تمام اقسام کے چاول کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگیا۔ پاکستان نے 3 ماہ میں چاول کی برآمد پر 72 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کما لیا۔
دستاویزات کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران چاول کی برآمدات میں 77.63 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔جولائی سے ستمبر تک 9 لاکھ 91 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے ۔گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 5 لاکھ 96 ہزار ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے ۔گزشتہ مالی سال چاول کی برآمدات سے 40 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ آیا۔ستمبر میں چاول کی برآمدات میں سالانہ 49.19 فیصد کا بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا ۔صرف ایک ماہ کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ کیے گئے ۔3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول کی برآمد پر 25 کروڑ 72 لاکھ ڈالر زرمبادلہ آیا،گزشتہ مالی سال ستمبر میں 2 لاکھ 55 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ ہوئے تھے۔