سٹاک مارکیٹ :ریکارڈتیزی،انڈیکس3907پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی(بزنس رپورٹر)آئی ایم ایف شرائط کے مطابق ریفارم ایجنڈے پر عمل اور اقتصادی اشاریوں میں مسلسل بہتری کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو بھی ریکارڈ تیزی رہی۔
کے ایس ای 100انڈیکس کی 1لاکھ 12ہزار، 1لاکھ 13ہزار، 1لاکھ 14ہزار اور 1لاکھ 15ہزار پوائنٹس کی 4سطحیں بحال ہوئیں جبکہ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 30فیصد زائد رہا ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔سرمایہ کاروں کو کیپٹل مارکیٹ سے منافع کی شرح 80فیصد تک پہنچنے سے مارکیٹ میں انویسٹرز کی شمولیت بڑھنے اور بینکنگ، آئل اینڈ گیس، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں تازہ سرمایہ کاری کے سبب مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا۔ یہی وجہ ہے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر100انڈیکس میں 4071پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 3907.82 پوائنٹس کے اضافے سے 115258.99پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1260.86پوائنٹس کے اضافے سے 36299.91پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 2086.83 پوائنٹس کے اضافے سے 72133.68پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 6987.57پوائنٹس کے اضافے سے 178286.77 پوائنٹس پر بند ہوا۔ 1ارب 05کروڑ 90لاکھ 20ہزار 119 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طورپر465کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 333کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،84میں کمی اور48میں استحکام رہا۔سابق ڈائریکٹراسٹاک ایکسچینج ظفر موتی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا ایکسپورٹ بڑھانے کا خصوصی پلان متعارف کرانے کا ارادہ، معاشی اشاریوں میں بہتری اور آئندہ شرح سود میں کمی کی توقعات اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی وجہ ہے ۔ ظفر موتی نے مزید کہا کہ بڑے مالیاتی اداروں کی جانب سے بلو چپ شیئرز کی خریداری سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔