اسٹاک ایکسچینج:تیزی،45فیصدحصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مثبت سمت کی جانب جاری مذاکرات ، بیرونی سرمایہ کاری کا تسلسل۔
،امن و امان کی کنٹرول صورتحال اور مثبت معاشی اشاریے کے باعث کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی راہ ہموار رہی۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون سے ہوا ۔ ہنڈرڈ انڈیکس دن بھر مثبت زون میں 1 لاکھ 15 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر برقرار رہا، تیزی کے سبب 45فیصد حصص کی قیمتوں بڑھ گئیں۔ ہنڈرڈ انڈیکس کی بلند سطح 1 لاکھ 15 ہزار 100 اور کم ترین سطح 1 لاکھ 15 ہزار 700 پوائنٹس رہی۔ اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 441.93 پوائنٹس کے اضافے سے 115536 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 47.03 پوائنٹس کے اضافے سے 35658.12 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 306.50 پوائنٹس کے اضافے سے 71685.25 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 958.63 پوائنٹس کے اضافے سے 176320.73 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 6 فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز 36 کروڑ 4 لاکھ 56 ہزار 374 حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طورپر 435 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 195 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 169 میں کمی اور 71 میں استحکام رہا۔