تیزی برقراررہی، اسٹاک ایکسچینج میں 1137 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ ہوا

کراچی (کامرس رپورٹر) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد سے ترسیلات زر میں اضافہ، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے سرمایہ کاری کابڑھتا ہوا رجحان ،جمع شدہ فنڈ سے بروقت بیرونی ادائیگیاں۔۔۔
چین سے ایک ارب ڈالر قرضے کی میعاد بڑھنے اور آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات ہفتہ بھر اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ اشاریوں کو بہتر کرگئے ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یومیہ تجارتی مالیت کا حجم 21 فیصد اضافے سے 22 ارب روپے رہا۔ ہفتے کے 3سیشنز میں تیزی کا تسلسل برقرار رہا، جس کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں 1 ہزار 137 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بلو چپ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کے تسلسل نے ہنڈریڈ انڈیکس کو 1 لاکھ 15 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر برقرار رکھا۔ دوسری جانب تیزی کے سبب حصص کی مالیت صرف 25کروڑ 36لاکھ 64ہزار 144روپے بڑھ گئی، جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 141کھرب 25ارب 30کروڑ 48لاکھ 91ہزار 225روپے ہوگیا۔ جبکہ پورے ہفتے کا کاروباری حجم 1ارب 68کروڑ حصص سے زائد کے سودوں پر مشتمل رہا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند سطح 1 لاکھ 15 ہزار 730 پوائنٹس اور کم ترین سطح 1 لاکھ 13 ہزار 610 پوائنٹس رہی۔ ہفتہ وار کاروبار میں تیزی کے سبب کے ایس ای 100انڈیکس 1137.47پوائنٹس بڑھ کر 115536.17 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس 200.11 پوائنٹس بڑھ کر 35658.12 پر بند ہوا، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 604.67 پوائنٹس بڑھ کر 71685.25 پوائنٹس پر بند ہوا اور کے ایم آئی 30انڈیکس 3223.42 پوائنٹس بڑھ کر 176320.73پوائنٹس پر بند ہوا۔