روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ 9.76:ارب ڈالر کی ترسیلات موصول
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 9ارب 76کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے فروری 25ء تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 9ارب 76کروڑ 80 لاکھ ڈالر بھیجے ہیں جو جنوری 25ء میں موصول ہونے والی رقوم کے مقابلے میں 20کروڑ 40لاکھ ڈالر زائد ہیں ۔ اسٹیٹ بینک کی تفصیلات کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے موصول شدہ رقم کے علاوہ 1ارب 72کروڑ ڈالر واپس بھی کئے گئے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے 6ارب 18کروڑ 40 لاکھ ڈالر رقم مقامی معاشی سرگرمیوں میں استعمال ہوئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 86کروڑ ڈالر،روشن ایکوٹی میں 59کروڑ ڈالر، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 45 کروڑ 90لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے ۔معاشی ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ہونے والی سرمایہ کاری بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔