عراقی قونصلیٹ تاجر برادری میں پل کاکرداراداکریگا، مہر مجاہد
کراچی(بزنس رپورٹر )کراچی میں عراق کے قونصل جنرل مہر مجاہد جیجان نے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عراقی قونصلیٹ پاکستان اور عراق کی تاجر برادری کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرے گا۔۔۔
بالخصوص دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔کراچی میں 23 سال بعد عراقی قونصلیٹ کا دوبارہ قیام نہ صرف اسلامی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو بھی فروغ دے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر کے دورے کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عراقی قونصل جنرل نے کہا کہ قونصلیٹ ہفتہ کے 7دن 24 گھنٹے تاجر برادری کی مدد اور سہولت کے لیے دستیاب ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری تاجر برادری کو یہ پیغام دیا جانا چاہیے کہ کراچی میں عراقی قونصلیٹ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔