آئی ٹی برآمدات34کروڑ 20لاکھ ڈالر پر جاپہنچیں
کراچی (رپورٹ :محمد حمزہ گیلانی )مارچ 2025 میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ اور ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق یہ اضافہ فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کو دی جانے والی حکومتی سہولتوں کا نتیجہ ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2025 میں ملک کی آئی ٹی برآمدات 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھیں جو مارچ میں بڑھ کر 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گئیں، اس طرح ملکی آئی ٹی برآمدات ایک مہینے میں 12 فیصد بڑھیں۔ دوسری جانب مارچ 2024 سے مارچ 2025 تک یعنی ایک سال میں آئی ٹی برآمدات 12فیصد بڑھ کر30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں آئی ٹی برآمدات 24 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 82 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں ۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ نہ صرف زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کا باعث ہے بلکہ یہ معاشی استحکام کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے ۔