ایگا ٹیکس نمائش24اپریل سے کراچی ایکسپو میں ہوگی
کراچی(بزنس ڈیسک) خطے کی سب سے بڑی انٹرنیشنل گارمنٹس اور ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش ایگا ٹیکس پاکستان 2025 ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہو گی ۔۔
فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام، یہ نمائش ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کرتی ہے ، جہاں دنیا بھر کی جدید ٹیکنالوجی اور کاروبار ایک ہی چھت تلے جمع ہوں گے ۔ یہ نمائش 24 سے 26 اپریل 2025 تک جاری رہے گی ۔ اس سال آسٹریا، بلجیم، فرانس، جرمنی، جاپان، کوریا، پاکستان، اسپین، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، امریکہ سمیت 30 ممالک کی 450 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، اس کے علاوہ چین، اٹلی اور ترکیہ کے خصوصی پویلین بھی نمائش کا حصہ ہوں گے ۔ ایگا ٹیکس پاکستان 2025 اب تک کا سب سے جدید ایڈیشن ثابت ہونے جا رہا ہے ، جہاں ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کے تمام مراحل جیسے کہ اسپننگ، ویونگ، نٹنگ، ڈائنگ، ایمبرائیڈری، پرنٹنگ، اور فِنشنگ کی مشینری نمائش کے لئے پیش کی جائے گی ۔فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای اوسلیم خان تنولی نے کہا کہ ایگا ٹیکس پاکستان ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ ہر سال، یہ مقامی مینوفیکچررز کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز اپنانے اور عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے شراکت داری مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔