پی سی ڈی ایم اے کا ود ہولڈنگ ٹیکس آڈٹ کے خاتمے کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے ایف بی آر کوبجٹ تجاویز ارسال کی ہیں۔
چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد نے بجٹ تجاویز میں ٹیکس دہندگان پر بڑھتے ہوئے کمپلائنس کے بوجھ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت سے زیادہ دستاویزات اور بار بار آڈٹ کی وجہ سے لوگ دستاویزی معیشت سے دور ہو رہے ہیں۔بجٹ تجاویز کمیٹی کی سربراہی عمیر طارق نے کی۔بجٹ تجاویز میں ود ہولڈنگ ٹیکس ریٹرن سے متعلق سیکشن 165 کے تحت ہونے والے آڈٹ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیالہٰذ ا کاروباری اد اروں کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے آڈٹ کو ختم ہونا چاہیے ۔سلیم ولی محمد نے کمرشل امپورٹرز کیلئے فائنل ٹیکس رجیم کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ اگرچہ کمرشل امپورٹرز اب بھی ایڈیشنل سیلز ٹیکس ادا کر رہے ہیں لیکن اسکے بدلے میں جو آڈٹ سے استثنیٰ دیا گیا تھا وہ بغیر کسی وضاحت کے واپس لے لیا گیا ہے۔