پنشن میں 15 فیصد اضافے کا اعلان یوم مئی پر متوقع

پنشن میں 15 فیصد اضافے  کا اعلان یوم مئی پر متوقع

کراچی(بزنس رپورٹر)ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن زیر نگرانی وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل،حکومت پاکستان کے تحت پنشن میں حالیہ 15 فیصد اضافے کا اعلان وزیر اعظم کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن یوم مئی پر متوقع ہے۔

ای او بی آئی کے سابق تعلقات عامہ افسر اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی کے مطابق ای او بی آئی کے سہ فریقی بورڈ آف ٹرسٹیز نے رواں برس 20 مارچ کو اسلام آباد میں منعقدہ اپنے 135ویں اجلاس میں ای او بی آئی کے اثاثہ جات اور ذمہ داریوں کی 12ویں ایکچوریل ویلیویشن کی رپورٹ کی روشنی میں کم از کم پنشن اور فارمولہ پنشن میں 15 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی جو منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی ہے جسکے نتیجہ میں کم از کم پنشن10ہزار روپے ماہانہ سے بڑھ کر اب 11,500 روپے ماہانہ جبکہ زیادہ سے زیادہ فارمولہ پنشن 30 ہزار روپے ماہانہ تک ہو سکتی ہے جبکہ اضافہ کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔اسرار ایوبی کے مطابق ای او بی آئی پنشن میں فنڈ کی ایکچوریل ویلیوایشن کے ذریعہ 1983 سے اب تک 21 بار اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پنشن میں پچھلا اضافہ جولائی 2023 میں کیا گیا تھا۔دریں اثناء بورڈ آف ٹرسٹیز نے پنشن فنڈ کی کمزور حالت اور پنشن میں بار بار اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پنشن کے بھاری اخراجات سے نمٹنے اور فنڈ کی پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے سالانہ امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ وفاقی حکومت نے 1995سے ای او بی آئی کی مساوی امداد بلاجواز بند کر رکھی ہے اور دکھاوے کے طور پر محض ایک لاکھ روپے سالانہ کی امداد فراہم کی جا رہی ہے ،اس صورت حال کے باوجود ای او بی آئی ہر ماہ ملک بھر میں اوسطا پانچ ارب روپے کی خطیر پنشن تقسیم کرکے معاشرہ کے کمزور طبقات تقریبا 5 لاکھ بوڑھے ،معذورین، بیوگان اور یتامیٰ کی مالی کفالت کر کے اپنا قومی فریضہ انجام دے رہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق 30 جون 2024 تک ای او بی آئی کے بیمہ دار افراد کی کل تعداد 11،240،812 تھی جبکہ پنشنرز کی تعداد 5 لاکھ، کنٹری بیوشن ادا کرنے والے بیمہ دار افراد کی تعداد 31 لاکھ اور پنشن فنڈ کی جسامت 607 ارب ر وپے تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں