کارپٹ مینو فیکچررز کی 41ویں عالمی نمائش کی تیاریاں جاری
اسلام آباد(اے پی پی)کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ۔۔۔
اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے کر انہیں ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں، غیر ملکی خریداروں سے رابطے جاری ہیں اور رواں سال منعقد ہونے والی نمائش میں روایتی خریداروں کے علاوہ نئے خریداروں کو بھی راغب کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت کی مذمت اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی افواج کو بھرپور خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ۔ میاں عتیق الرحمان نے کہا کہ نمائش ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان پر عزم ہیں کہ ہم نے انفرادی اور اجتماعی طور پر عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔