اسٹاک ایکسچینج : تاریخ ساز تیزی ، 10 ہزار پوائنٹس بڑھ گئے ، 1200 ارب منافع

کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افواج کی مثالی کارکردگی ، آئی ایم ایف سے ملنے والی رقم اور مثبت معاشی اشاریے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ریکارڈ پلس کرگئے ۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ ساز تیزی دیکھی گئی ،ایک ہی دن میں تین بڑے ریکارڈ قائم ہوئے ،پہلا ریکارڈ دن کے آغاز پر ہی 9,900 پوائنٹس کی ریکارڈ تیزی کے ساتھ انڈیکس کی اوپننگ تھی جو ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلاواقعہ ہے ۔دوسرا ریکارڈ اس وقت قائم ہوا جب انڈیکس نے پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں 10,000 سے زائد پوائنٹس اضافے سے سطح عبور کی جب کہ تیسرا شاندار ریکارڈ اسٹاک مارکیٹ کی مجموعی مالیت یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں صرف ایک روز کے دوران 1,000 ارب روپے سے زائد کا اضافہ تھا۔ اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز پہلی بار 9929 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 17 ہزار 104پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا جس کے بعد فوراً ہی اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کو ٹریڈنگ قوانین کے مطابق متحرک ہونا پڑا اور جاری کاروبار کو ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا تاہم کاروبار کی عارضی معطلی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس میں پوائنٹس بڑھنے کی رفتار برق انداز میں ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتا ہوا تاریخ میں پہلی بار 1 ہزار 100 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 17 ہزار 300کا ہندسہ پار کرگیا تھا ۔کاروبار کے اختتام پہلی بار 1 ہزار 123 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 17 ہزار 297 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ۔دوسری جانب کے ایس ای 30 انڈیکس 3190 پوائنٹس بڑھ کر 35838 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 15826 پوائنٹس بڑھ کر 174035 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 5796 پوائنٹس پلس ہوکر 72310 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا ۔دن بھر اسٹاک ٹریڈنگ میں ریکارڈ تیزی کا تسلسل قائم رہا جسکی بدولت مارکیٹ کیپٹلائزیشن 12 ہزار 893 ارب روپے سے بڑھ کر 14 ہزار 16 ارب روپے سے تجاوز کرگئی یعنی مارکیٹ کیپٹل بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو منافع میں ایک روز میں تقریبا 1200 ارب روپے کا تاریخی فائدہ پہنچا جو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا گیا ۔مجموعی طور پر 462 کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہواجن میں سے 405 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،26 میں کمی اور 31 میں استحکام رہا۔ ریکارڈ تیزی کے باعث کاروباری حجم 30 ارب روپے سے زائد رہا ۔