امریکی قونصل خانے کے اکنامک یونٹ سربراہ کاٹڈاپ کا دورہ

امریکی قونصل خانے کے اکنامک یونٹ سربراہ کاٹڈاپ کا دورہ

کراچی (بزنس ڈیسک) امریکی قونصل خانے کراچی کے اکنامک یونٹ کے چیف کیون فیوری اور اکنامک آفیسرٹیرل واکر اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹڈاپ کا دورہ کیا۔۔

 اور چیف ایگزیکٹو فیض احمد چھدھر سے ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔چیف ایگزیکٹو فیض احمد چھدھر نے امریکی سفارتکاروں کو بتایا کہ امریکہ پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے ، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ابھی بھی خاطر خواہ نہیں ہے ، جس میں دو طرفہ تعاون اور تجارتی سہولت کاری کے ذریعے اضافہ ضروری ہے ۔ کیون فیوری نے اس نکتہ سے اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں جن اہم شعبہ جات پر باہمی تعاون کی تجاویز دی گئیں ان میں ٹیکسٹائل، چمڑے اور سرجیکل مصنوعات، آئی ٹی اور ای کامرس سروسز، سیاحت، لاجسٹکس اور تعمیرات، امریکی مارکیٹ کیلئے افرادی قوت کی ترقی، زرعی برآمدات بشمول ویلیو ایڈڈ اور تیار شدہ مصنوعات کی مکمل ویلیو چین اور دونوں ممالک میں تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت کے لیے تجارتی وفود کی معاونت شامل ہیں۔چیف ایگزیکٹو نے اس بات کو سراہا کہ امریکہ نے تاریخی طور پر پاکستان کی صنعتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور پاکستانی کاروباری حضرات کے لیے امریکی اور مغربی منڈیوں میں مواقع فراہم کیے ہیں۔امریکی وفد کو ٹڈاپ کی جاری تجارتی فروغ کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور امریکی کاروباری اداروں کوٹڈاپ کے سالانہ بزنس پلان کے تحت منعقدہ اہم فلیگ شپ ایونٹس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔دونوں فریقین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے صنعتی و زرعی شعبوں کی پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو بڑھا کر اقتصادی ترقی میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں