اسٹاک مارکیٹ: مندی، 51فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا اختتام مندی پر ہوا۔کے ایس ای100انڈیکس50پوائنٹس کی کمی سے 119102 پوائنٹس پر بند ہوا۔۔
،مندی کے سبب 51 فیصدحصص کی قیمتیں بھی گرگئیں۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک ایکسچینج میں مندی دیکھنے میں آئی، 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد کھو بیٹھا اور ایک لاکھ 18 ہزار 723 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا،تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ماہرین کے مطابق بھاری لیورج پوزیشن ، آئی ایم ایف سخت شرائط اور سیاسی تناؤ سے اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے آخری روز اتارچڑھاؤکے بعد مندی زون میں بند ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 24پوائنٹس کی کمی سے 36301پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آل شیئر انڈیکس 7.82 پوائنٹس کے اضافے سے 74155پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 157 پوائنٹس کے اضافے سے 179254 پوائنٹس پر بند ہوا۔ آل شیئرز انڈیکس اور کے ایم آئی 30انڈیکس بڑھنے سے حصص کی مالیت میں 1ارب 48 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 43فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز33کروڑ 80 لاکھ 03ہزار 666 حصص کے سودے ہوئے ۔