ایرانی ایس این سی سی کے سیکرٹری علی لاریجانی کون تھے ؟
لاریجانی عالم دین ہاشم آملی کے بیٹے تھے ،12سال پارلیمنٹ کے سپیکر رہے ریاستی نشریاتی ادارے کے سربراہ بھی رہے ،چاربھائی اہم عہدوں پر فائز
تہران(دنیامانیٹرنگ)اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے علی لاریجانی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری تھے ۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اس عہدے پر اُن کی تعیناتی کی منظوری اگست 2025 میں دی تھی۔سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اس کونسل میں ایران کے رہبر اعلیٰ کے نمائندے بھی ہیں۔ایرانی ذرائع ابلاغ میں ان کا تعارف سابق رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے مشیر کے طور پر بھی کروایا جاتا رہا ہے ۔علی لاریجانی مئی 2008 سے مئی 2020 تک ایران کی پارلیمان کے سپیکر بھی رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں انھیں ایران کی موجودہ قیادت میں معتدل قدامت پسند قرار دیا جاتا رہا ہے۔ پارلیمان کا سپیکر بننے سے قبل علی لاریجانی نے 2005 سے 2007 تک ایران کے چیف جوہری مذاکرات کار کے طور پر خدمات انجام دیں۔ان کے بھائی صادق لاریجانی بھی ایران کی ایک بااثر شخصیت ہیں۔
وہ مجمعِ تشخیصِ مصلحتِ نظام کے چیئرمین ہیں، جو ایک اعلیٰ ثالثی ادارہ ہے اور پارلیمنٹ اور آئینی نگران ادارے (کونسلِ نگہبان) کے درمیان حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی 1994 سے 2004 تک ریاستی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ بھی رہے ، اور1992 سے 1994 تک انھوں نے بطور وزیرِ ثقافت بھی کام کیا۔وہ عالمِ دین ہاشم آملی کے بیٹے ہیں اور اُن کے چار بھائی ایران میں اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں ان کے چھوٹے بھائی صادق آملی لاریجانی ہیں، جو مجمعِ تشخیصِ مصلحتِ نظام کے چیئرمین ہیں۔لاریجانی نے 2021 اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے ، لیکن سخت گیر جانچ پڑتال کرنے والے ادارے کونسلِ نگہبان نے انھیں اس عہدے کے لیے ناموزوں قرار دیا تھا۔