پاکستان اور افغانستان ضبط و تحمل سے کام لیں : چین ، یورپی کمیشن

 پاکستان اور افغانستان ضبط و تحمل سے کام لیں : چین ، یورپی کمیشن

مسائل کے حل کا واحد راستہ بات چیت،کشیدگی میں کمی کیلئے تعمیری کردارادا کرتے رہیں گے :چینی وزارت خارجہ کابل حملہ تنازع میں شدت کی علامت ، عام شہریوں کو نقصان سے بچانے کیلئے اقدام کریں:ترجمان یورپی کمیشن

بیجنگ (نیوز ایجنسیاں ) چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر تحمل اور ضبط سے کام لینے کی اپیل کی۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق چین کے ایک خصوصی ایلچی نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کیلئے ایک ہفتہ گزارا۔چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین سفارتی رابطوں کو استعمال کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کا مؤثر اور واحد راستہ بات چیت اور مذاکرات ہیں۔ دوسری جانب یورپی کمیشن کے ترجمان انوار الانونی نے برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں ایک طبی مرکز پر حملہ ایسے تنازع میں ایک نئی اور مہلک شدت کی علامت ہے جسے جلد از جلد ختم ہونا چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین زیادہ سے زیادہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور عام شہریوں کو نقصان سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں