بھارت دنیاکاسب سے بڑا اسلاموفوبک ملک:پاکستان
انڈیا اقلیتوں کیخلاف نفرت انگیز اقدامات کی حمایت کرتا :پاکستانی مندوب مذہبی آزادی کو یقینی بنایاجائے :یواین سیکرٹری ودیگر کاجنرل اسمبلی سے خطاب
اقوام متحدہ (اے پی پی)پاکستان نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا اسلاموفوبک ملک ہے اور مسلمانوں سمیت اپنی اقلیتوں کیخلاف نفرت انگیز اقدامات کی حمایت کرتا ہے ۔ یہ اجلاس بین الاقوامی دن برائے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے موقع پر منعقد ہوا۔پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت مسلمانوں کیساتھ ساتھ دیگر مذہبی اقلیتوں کیخلاف تشدد، مسجدوں کی تباہی اور عوامی قتل جیسے اقدامات میں ملوث افراد کو سزا دینے میں ناکام رہاہے ۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ تشدد،قتل وغارت گری میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے ۔انہوں نے مزید کہا دنیا بھر میں اسلاموفوبک واقعات کی سب سے بڑی تعداد بھارت میں حکومتی سرپرستی میں دیکھی گئی۔
سرینگر میں مسلمانوں کو مسلسل ساتویں سال نماز جمعہ میں شرکت سے روک دیا گیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس نے خطاب میں تمام ممالک سے مسلمانوں کیخلاف بڑھتی نفرت کو ختم کرنے ، انسانی حقوق اور مساوات کے اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں مسلمانوں کی روزمرہ زندگی اکثر تعصب، سماجی ومعاشی حاشیہ بندی، غیر ضروری نگرانی اور پروفائلنگ سے متاثر ہوتی ہے ۔ اسلاموفوبیا کیخلاف جدوجہد صرف مسلمانوں کے دفاع تک محدود نہیں بلکہ یہ نسلی تعصب، تعصب، اجنبی دشمنی، عدم برداشت اور نفرت کیخلاف انسانیت کی مشترکہ جدوجہدہے ۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ قانونی فریم ورک مضبوط اورنفرت انگیز ڈھانچے ختم کرکے شعور اجاگر کیاجائے ، سب ملکر مذہبی آزادی کو یونیورسل حق کے طور پر یقینی بنائیں۔