ون ڈے میں شان اور عبداللہ بابر کے متبادل ہوسکتے :حفیظ
پاکستان کو اس کردار کے لیے متبادل آپشنز پر غور کرنا شروع کر دینا چاہیے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور بلے باز عبداللہ شفیق کو بابر اعظم کی عدم دستیابی کی صورت میں پاکستان کے ون ڈے انٹرنیشنلز بیٹنگ آرڈر میں بابر اعظم کی جگہ ممکنہ طور پر تجویز کیا ہے ۔ محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جس میں ون ڈے میں اہم نمبر تھری پوزیشن کے لیے ممکنہ آپشنز پر بات کی گئی اگر بابر انجری یا آرام کی وجہ سے میچ نہیں کھیل پاتے ۔ جنوبی افریقہ میں اگلے ون ڈے ورلڈ کپ سمیت مستقبل کی بین الاقوامی اسائنمنٹس کے منتظر حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو اس کردار کے لیے متبادل آپشنز پر غور کرنا شروع کر دینا چاہیے ۔ حفیظ نے لکھا "اگر بابر اعظم کسی وجہ سے زخمی یا آرام کر رہے ہیں تو شان مسعود یا عبداللہ شفیق ون ڈے فارمیٹ میں نمبر 3 بلے باز کے طور پر بہتر آپشن ہو سکتے ہیں۔جنوبی افریقہ میں اگلے ورلڈ کپ پر غور کر رہے ہیں۔"ون ڈے میں شان مسعود کا ریکارڈ محدود ہے ، اس نے نو میچ کھیلے ہیں جس میں ایک نصف سنچری سمیت 18.11 کی اوسط سے 163 رنز بنائے ہیں۔ تاہم ان کا لسٹ اے ریکارڈ کافی مضبوط ہے ۔ دریں اثنا عبداللہ شفیق نے پاکستان کے لیے 27 ون ڈے کھیلے ہیں جس میں 29.48 کی اوسط سے 737 رنز بنائے جس میں چھ نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے ۔