فارم47والے حکمرانوں کو عوام کی کوئی پروا نہیں، حافظ نعیم

 فارم47والے حکمرانوں کو عوام کی کوئی پروا نہیں، حافظ نعیم

اپنے لئے کروڑوں ، اربوں کی پرتعیش گاڑ یاں ، جہاز خرید رہے ، عوام پر پٹرول بم گرادیا عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کا حتمی فیصلہ،شیطانی قوتوں کیخلاف متحد ہوکر مقابلہ کریں

لاہور(سیاسی نمائندہ ،سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم بے اختیار ، فارم47والے حکمرانوں کو قوم کی کوئی پرواہ نہیں، یہ اپنے لئے کروڑوں ، اربوں کی پرتعیش گاڑ یاں اور جہاز خرید رہے ہیں ، عوام پر پٹرول بم گرادیا۔ امریکا، اسرائیل طاغوت ، شیعہ سنی کی تقسیم پیدا کرنیوالے انکے آلہ کار ہیں،موجودہ حالات میں امت میں فرقہ واریت کو ہوا دینا طاغوتی قوتوں کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مدارس کے اعزاز میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی ڈاکٹر حمیرا طارق ، ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ثمینہ سعید، ڈاکٹر زبیدہ جبیں ،نازیہ توحید ، عظمیٰ عمران ودیگر خواتین نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق اس لئے ہیں کہ یہ دھاندلی سے آئے ہیں، انکی وجہ سے ملک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہے ۔

ایک طرف چیئرمین سینیٹ کیلئے نو کروڑ کی گاڑی خریدی گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے 11ارب کا طیارہ خریدا تو دوسری جانب پٹرول کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا گیا۔ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کیلئے عوام کو قربان کررہا ہے ۔ عوام ظالم حکمرانوں سے نجات کا حتمی فیصلہ کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جو عوام کی طاقت سے اقتدار میں آنا چاہتی ہے اور اسے کسی اسٹیبلشمنٹ کے سہارے کی ضرورت نہیں۔ عالمی صورتحال پر امیر جماعت اسلامی نے کہا امریکیوں کو ایران پر جارحیت کے مقاصد کا علم نہیں۔ امریکا صیہونی قوتوں کے زیر اثر ہے ،مسلمانوں پر دنیا بھر میں ظلم ڈھایا جا رہا ہے ۔ ایسے شیطانی نظام سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اسلامی نظام نافذ کیا جائے ،شیطانی قوتوں کیخلاف متحد ہوکر مقابلہ کرناہوگا۔ انہوں نے مربوط کورس مرتب کرنے پر حلقہ خواتین اور تربیہ اکیڈمی کو مبارکباد دی اور زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین تک قرآن کا پیغام پہنچایا جائے تاکہ انفرادی و اجتماعی زندگی میں انقلاب برپا ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں