پیسے جوڑ کردکان خریدنے والی بچی نے ماں کو ملازم رکھ لیا
بیجنگ(نیٹ نیوز)وسطی چین میں ایک 12 سالہ بچی نے اپنی بچت کو استعمال کرکے ایک دکان کو خریدا اور ماں کو تنخواہ پر کام پر رکھ لیا۔
جی ہاں واقعی صوبہ جیانگشی میں 12 سالہ لی یوئی نے گزشتہ برسوں کے دوران چینی نئے سال کے موقع پر ملنے والی رقم کو خرچ کرنے کی بجائے جمع کیا۔اس نے 44 ہزار یوآن (17 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) سے زائد رقم کو جمع کیا اور پھر اسے کاروبار میں لگانے کا فیصلہ کیا۔بچی کا ماننا تھا کہ بینک میں جمع کرانے کے بعد رقم پر ملنے والے منافع کی شرح بہت کم ہے ۔تو اس نے ایک سٹیشنری کی دکان کو خرید لیا۔ مارچ میں جب سکول کھل گئے تو بچی نے اپنی والدہ کو ماہانہ 3 ہزار یوآن کی تنخواہ پر رکھ لیا۔اب یہ بچی سپلائرز سے مذاکرات کرتی ہے ، اشیا کی قیمتیں طے کرتی ہے اور کاروباری حکمت عملی طے کرتی ہے جبکہ اس کی ماں روزمرہ کے کاموں کو سنبھالتی ہیں۔